پاکستان آزمائی ہوئی اورعام انتخابات میں مسترد شدہ جماعتوں کی خواہشات کے مطابق نہیں چلاجا سکتا‘ ہمایوں اختر

ماضی میں کرپشن کے بیج کی آبیاری کے ذریعے اپنی سیاست کو تقویت ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی گئیں‘ سینئر مرکزی رہنما

اتوار 5 جولائی 2020 11:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کوکئی دہائیوں تک آزمائی ہوئی اورعام انتخابات میں مسترد شدہ جماعتوں کی خواہشات کے مطابق نہیں چلایا جا سکتا ،کیا مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی چھوڑ کر گئی تھی جو آج معیشت کی ابتری کا واویلا کیا جارہا ہے ،سابقہ نام نہاد تجربہ حکمران تحریک انصاف کی حکومت کیلئے پہاڑ جتنے قرضے اور مسائل کا انبار چھوڑ کر گئے جسے راتوں رات ٹھیک نہیں کیا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے قومی اداروں میں اصلاحات کی بجائے ان میں سیاسی مداخلت کو عروج پر پہنچایا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج یہ ادارے اپنا بوجھ بھی نہیں اٹھا سکتے اور سالانہ اربوں روپے کا نقصان کر رہے ہیں بلکہ بعض ادارے بلیک ہولز کی صورت اختیار کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں کرپشن کے بیج کی آبیاری کے ذریعے اپنی سیاست کو تو تقویت دی گئی جبکہ ملک کی جڑیں کھوکھلی کی گئیں اور آج عوام کو صحت ، تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات میسر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے جتنے بیگاڑ پیدا کئے ہیں انہیں دو سال کے قلیل عرصے میں درست نہیں کیا جا سکتا لیکن اس کے باوجو د وزیرا عظم عمران خان پر عزم ہیں اور منجدھار میں پھنسی ملک کی کشتی کو کنارے پر لگانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کی معیشتوں کو نقصان پہنچا، وزیراعظم عمران خان کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے آج اس وباء پر بھی قابو پایا جارہا ہے اور عوام کو روزگار کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انہوںنے اوور سیز پاکستانیوںکی جانب سے ملک کی بہتری کے لئے دی جانے والی تجاویز دیں کومتعلقہ اداروں کے سربراہان تک پہنچانے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں