ملک میں مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز کی تیاری تاریخی کامیابی ہے، عمران خان

ہمارے ملک میں ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبہ میں زبردست ٹیلنٹ موجود ہے ،ہماری حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی ، وزیراعظم کا این آر ٹی کا دورہ ، وینٹی لیٹرز تیار کرنیوالے یونٹ کا افتتاح کیا

پیر 6 جولائی 2020 20:49

ملک میں مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز کی تیاری تاریخی کامیابی ہے، عمران خان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ این آر ٹی سی پاکستان میں مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز تیار کرنیوالا پہلا ادارہ بن گیا ہے ، یہ ایک تاریخی کامیابی ہے جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ،ہمارے ملک میں ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبہ میں زبردست ٹیلنٹ موجود ہے ،ہماری حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی، اب ہماری توجہ شعبہ صحت میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے پر مرکوز ہو گی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیر کو ہری پور میں نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ( این آر ٹی سی )کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان میں پہلی مرتبہ ًمقامی سطح پر تیار ہونیوالے سیف وینٹ ایس پی100 کے نام سے وینٹی لیٹرز تیار کرنیوالے یونٹ کا افتتاح کیا ۔

(جاری ہے)

وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیر توانائی عمر ایوب ، وزیراعظم کے کووڈ۔

19کے لئے فوکل پرسن فیصل سلطان ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے ۔این آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائریکٹر بریگیڈیئر توفیق احمد نے وزیراعظم کو ادارے کے ریسرچ ، ڈویلپمنٹ پراڈکٹس اور سروسز شعبوں کی تاریخ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ این آر ٹی سی کمیونیکیشن آلات ، ای پالیسنگ ،الیکٹرومیڈیکل آلات ، ہارڈویئر و سوفٹ ویئر سمیت ملکی سطح پر مختلف خدمات فراہم کررہا ہے ۔

وزیراعظم نے این آرٹی سی اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے کیے جانیوالے اقدامات کو سراہا۔جنہوں نے پہلی مرتبہ وینٹی لیٹرز مقامی سطح پر تیار کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار ہونیوالے 15وینٹی لیٹرز پر مشتمل پہلی کھیپ این ڈی ایم کے حوالے کردی گئی ہے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک تاریخی کامیابی ہے اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔

وزیراعظم یہ بات زور دے کر کہی کہ ہمارے ملک میں شاندار ٹیلنٹ موجود ہے جو ہمیں نئی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایجادات کے حوالے سے خود انحصاری کی طرف لے جاسکتا ہے اور ہماری حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے کسی بھی اقدام کی بھرپو رحمایت کرے گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وباء کے خلاف رد عمل اور سمارٹ لاک ڈائون اور معیشت کا پہیہ رواں دوان رکھنے کیلئے کے ہمارے اقدامات کا بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے کیا گیا ہے اب ہماری توجہ شعبہ صحت میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے پر مرکوز ہو گی ۔بعدازاں وزیراعظم نے وینٹی لیٹرز پراڈکشن یونٹ کا افتتاح کیا اور این آر ٹی سی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں