احسن اقبال نے نیب میں وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس کے لیے درخواست دائر کردی

عمران خان کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان اس غریب ملک کو برداشت کرنا ہوگا جس کے لیے میں نے چیئرمین نیب کو درخواست دی ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کریں . احسن اقبال کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 جولائی 2020 16:56

احسن اقبال نے نیب میں وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس کے لیے درخواست دائر کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جولائی ۔2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے قومی احتساب بیورو (نیب) میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ریفرنس کے لیے درخواست دائر کردی ہے. اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کے بارے میں الزام عاائد کیا کہ بین الاقومی بارڈر سے 800 میٹر کے فاصلے پر منصوبہ شروع کیا گیا جبکہ یہ ڈیفنس سوسائٹی سے بھی زیادہ دور ہے‘انہوں نے بتایا کہ نیب نے جب مجھے گرفتار کیا تو انہوں نے جج کے سامنے اعتراف کیا کہ مجھ پر کوئی بدعنوانی کا الزام نہیں بالکہ اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب نے الزام لگایا کہ کھیل صوبائی دائرہ اختیار میں آتا ہے تو میں نے پی ایس ڈی پی میں یہ منصوبہ کیوں ڈالا، میں سوال کرتا ہوں کہ اس سال پی ٹی آئی حکومت نے یونین کونسل کی سطح کے منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل کیے ہیں نیب ان کو کیوں نہیں پکڑ رہی. انہوں نے کہا کہ بھونڈے مقدمے میں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر میری کردار کشی کی گئی اور بین الاقوامی طرز کے منصوبے کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ 2020 میں نجم سیٹھی نے نارووال اسپورٹس سٹی میں پی ایس ایل کا میچ کے انعقاد کرنے کا وعدہ کیا تھا‘انہوں نے کہا کہ اسپورٹس سٹی منصوبے کی 86 فیصد فنڈنگ ہوچکی تھی مگر عمران خان نے آتے ہی اس منصوبے کی فی الفور فنڈنگ روک دی جو صرف 14 فیصد باقی رہ گئی تھی جس کی وجہ سے کافی زیادہ تعداد میں درآمد شدہ سامان ضائع ہوگیا.

انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولت فراہم کرنا جرم ہے تو اس منصوبے کو اجاڑنا اس سے بھی سنگین جرم ہے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان اس غریب ملک کو برداشت کرنا ہوگا جس کے لیے میں نے نیب چیئرمین کو درخواست دی ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کریں‘انہوں نے کہا کہ نیب جو مسلم لیگ (ن) کے راہنماﺅں کو عمران خان کے فرمائشی پروگرام پر گرفتار کر رہا ہے، کو پی ٹی آئی کی کرپشن نظر نہیں آتی.

نون لیگی راہنماءنے کہا کہ نیب جو ہماری ضمانتوں کے خلاف اپیل کرنے کے لیے دو گھنٹوں میں اجلاس طلب کرلیتا ہے اسے بی آر ٹی پشاور منصوبہ نظر نہیں آتا‘انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلیک لسٹڈ کمپنیوں کو لاہور اور اسلام آباد میں من پسند ٹھیکوں سے نوازا جارہا ہے اور کہا کہ نیب کو یہ کیوں دکھائی نہیں دیتا. انہوں نے کہا کہ عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اگر آپ دیانت داری کے اتنے چیمپئن ہیں تو چیئر مین نیب کو خط لکھیں اور کہیں کہ میں اپنی کابینہ کو خود سمیت احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں‘انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کی چھتری بن چکے ہیں جس کے نیچے سب کو تحفظ حاصل ہے، پی ٹی آئی کے انتقامی ایجنڈے نے پاکستان کو بدترین فیصلہ سازی کے بحران میں دھکیل دیا ہے.

احسن اقبال نے کہا کہ کسی دفتر میں کوئی افسر فیصلہ کرنے کی جرات نہیں رکھتا کیونکہ وہ اپنے پینشن کے پیسے سے عدالت کے چکر لگانے کی ہمت نہیں رکھتے‘سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ نیب خود کہتا ہے ہم چہرہ نہیں دیکھتے کیس دیکھتے ہیں، میں نے آج اس کے سامنے کیس پیش کیا ہے اور امید کرتا ہوں کہ چیئر مین نیب اس کا نوٹس لیں گے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں