وفاقی کابینہ کا عیدالاضحیٰ پر مارکیٹس، ریسٹورنٹ اور ہوٹلز کھولنے پر غور

مارکیٹس اور ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپرد کردیا، وفاقی وزیر شیخ رشید نے مطالبہ کیا کہ شہر میں 5 ہزار ہوٹلز ہیں، غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے، عید پر مارکیٹس ہوٹلز کھولے جائیں۔ وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 جولائی 2020 17:02

وفاقی کابینہ کا عیدالاضحیٰ پر مارکیٹس، ریسٹورنٹ اور ہوٹلز کھولنے پر غور
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14جولائی 2020ء) وفاقی کابینہ میں عیدالاضحیٰ پر مارکیٹس، ریسٹورنٹ اور ہوٹلز کھولنے پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے مارکیٹس اور ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپرد کردیا، وفاقی وزیر شیخ رشید نے مطالبہ کیا کہ شہر میں 5 ہزار ہوٹلز ہیں، غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے، عید پر مارکیٹس ہوٹلز کھولے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ کو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار میں کمی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو مویشیوں منڈیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام وزارتوں اور ڈویژنز میں سی ای اوز اور ایم ڈیز کی خالی پوسٹوں کی رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی۔

کابینہ نے نیشنل ایکری ڈیٹیشن کے کونسل کے ڈی جی کی تقرری کی منظوری دی ہے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے کچھ فیصلوں کی توثیق کا معاملہ مئوخرکردیا۔

وزیراعظم نے کےالیکٹرک اور ایل این جی کے معاملے پر رواں ہفتے اہم اجلاس طلب کیا ہے۔
ای سی سی نے 3 جولائی کو ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے سمیت اہم فیصلے کئے تھے۔ ای سی سی نے گھریلو وکمرشل صارفین پر 73 ارب روپے کا بوجھ ڈالنے کی منظوری دی تھی لیکن کابینہ نے معاملہ فی الحال مئوخر کردیا۔

اسی طرح
اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی نے عزیر بلوچ جے آئی ٹی کا معاملہ بھی کابینہ میں اٹھایا اور جےآئی ٹیز سے متعلق بریفنگ دی۔

کابینہ کے اجلاس میں عید پربازار، مارکیٹس اور ریسٹورنٹ کھولنے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نےعید سے پہلے مارکیٹس، ریسٹورنٹ اور ہوٹلز کھولنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب، ہوٹل، ریسٹورنٹ کھول دیں نہیں تو لوگ بھوکے مرجائیں گے۔

اسلام آباد اور شہر میں 5 ہزار ہوٹلز ہیں، اس سے جڑے سب لوگ بےروزگار ہیں۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر اسد عمر کو ہدایت کی کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹ کے معاملے کو آپ سنجیدگی سے دیکھیں۔
اسی طرح اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، مزید احتیاط کی جائے۔ عوام سے اپیل ہے کہ عیدالضحیٰ پر احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مویشیوں منڈیوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کروایا جائے۔ تاکہ وبا ء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں