حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کیا گیا تو مستقبل میں یہ کورونا وائرس کے سنگین پھیلاﺅکا سبب بن سکتا ہے.وفاقی وزیر

مویشی منڈیوں کے حوالے سے وزارت صحت کی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا. اسد عمر ‘بریگیڈیئر(ر)اعجازشاہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 جولائی 2020 21:40

حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کیا گیا تو مستقبل میں یہ کورونا وائرس کے سنگین پھیلاﺅکا سبب بن سکتا ہے.وفاقی وزیر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جولائی ۔2020ء) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دی ہیں کہ کورونا وائرس کے عدم پھیلاﺅ کے لیے حفاظتی تدابیر اور معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں. وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ فورم کے مشاہدے میں آیا ہے کہ مویشی منڈیوں کے حوالے سے وزارت صحت کی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا، اگر حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کیا گیا تو مستقبل میں یہ کورونا وائرس کے سنگین پھیلاﺅکا سبب بن سکتا ہے.

(جاری ہے)

فورم نے ہدایت دی کہ صوبائی حکومتیں ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور موثر حکمت عملی واضح کریں تاکہ وبا کے پھیلاﺅکو روکا جاسکے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے شہروں سے باہر مویشی منڈیاں لگانے اور محرم الحرام کے دوران حفاظتی تدابیر سے متعلق فورم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے عدم پھیلاﺅ کے لیے عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے حوالے سے پلان مرتب کر لیا گیا ہے.

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں ماڈل مویشی منڈی کے قیام کے حوالے سے فورم کو بریفنگ دی گئی انتظامیہ نے مویشی منڈی کا این سی او سی کی ہدایات کے تحت لے آﺅٹ پلان پیش کیا‘فورم کو ملک بھر کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متعلق طبی آلات فراہمی کے متعلق بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام، وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد کووڈ 19 ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر اسد حفیظ، سیکرٹری صحت سمیت دیگر حکام شریک تھے.

واضح رہے کہ دنیا بھر میں ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر اور 5 لاکھ 72 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا باعث بننے والے مہلک کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد پاکستان میں بھی روز بروز بڑھ رہی ہے آج سامنے آنے والے کورونا کے نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 53 ہزار 604 جبکہ اموات 5 ہزار 320 تک پہنچ گئیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں