نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل فروخت نہیں کررہے . وفاقی حکومت کا عدالت میں جواب

حکومت ہوٹل کو منافع بحش بنانے کے لیے ایڈوائزر مقرر کر رہی ہے.ڈپٹی اٹارنی جنرل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 جولائی 2020 13:29

نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل فروخت نہیں کررہے . وفاقی حکومت کا عدالت میں جواب
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جولائی ۔2020ء) وفاقی حکومت نے ہائی کورٹ میں جمع کروایا ہے کہ نیویارک میں قومی ایئرلائن (پی آئی اے )کی ملکیتی روزویلٹ ہوٹل فروخت کررہے ہیں اور نہ نجکاری ہوگی. اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ قومی اثاثے کو ایسے ہی پھینکنا نہیں چاہیے جیسا عمومی طور پر ہم کرتے ہیں‘دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ حکومت ایڈوائزر مقرر کر رہی ہے کہ کیسے ہوٹل کو مستقبل میں منافع بخش بنایا جائے.

(جاری ہے)

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں فزیبلٹی صرف منافع بخش ہونے کے حوالے سے تیار ہورہی ہے ہوٹل میں جوائنٹ وینچر تو نہیں ہورہا؟ جس پرڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ایسا کچھ نہیں یہ صرف اخباری خبریں ہیں ہوٹل منافع بخش بنانے کیلئے حکومت ایڈوائزر مقرر کر رہی ہے. درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ معاون خصوصی ذولفی بخاری اپنے فرنٹ مین کے ذریعے ہوٹل کو لینا چاہتے ہیں ذولفی بخاری پاکستانی شہری بھی نہیں اور نہ ہی وہ منتخب نمائندے ہیں‘ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ذولفی بخاری پاکستانی ہیں لیکن دوہری شہریت کے حامل ہیں.

جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ تو پھر کیا آپ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھا یہ تو پبلک آفس ہولڈر میں بھی آجاتا ہے جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا کہ کیا رٹ میں موجود کسی فریق کو تو ہوٹل نہیں دیا جارہا؟کیا یہاں ٹیلنٹ نہیں کہ غیرملکی اسپیشلسٹ کو ہائر کرکے خدمات لے رہے ہیں؟ ایسے نہ کریں یہ قومی اثاثہ ہے کسی کا ذاتی نہیں، ذاتی انٹرسٹ نہیں ہونا چاہیے. عدالت نے معاملہ نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے میں وفاق کے بیان کا ذکر کر دیتے ہیں مستقبل میں کچھ ایسا ہو تو آپ دوبارہ رٹ دائر کر سکتے ہیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں