افغانستان کے صدر اشرف غنی کا وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون ، عید الاضحی کی مبارکباد دی

دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے نئے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کو پاکستان میں کورونا کے خلاف حکومت کی حکمت عملی سے آگاہ کیا ہم افغانستان۔پاکستان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سالیڈیریٹی کے اگلے اجلاس کے جلد از جلد انعقاد کا خواہاں ہیں،وزیر اعظم عمران خان

پیر 3 اگست 2020 21:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی افغان صدر کو عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ اس سال عید الاضحی ایسے وقت میں آئی جب بین الاقوامی برادری کوویڈ 19 سمیت کئی چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے۔

انہوں نے افغانستان میں کورونا کی وجہ سے انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کورونا وباء پر کامیابی سے قابو پا لیا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کو پاکستان میں کورونا کے خلاف حکومت کی حکمت عملی سے آگاہ کیا جس میں لوگوں کی جانوں کو بچانے، ذرائع معاش کے تحفظ اور معیشت کو متحرک کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے نئے مرحلے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن عمل کی موجودہ رفتار کو امریکہ طالبان امن معاہدے کے نفاذ کے لئے بڑھانا ہوگا جس سے بین الافغان مذاکرات جلد شروع ہونے کی راہ ہموار ہو سکے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف ادارہ جاتی میکنزمز کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان۔پاکستان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سالیڈیریٹی (اے پی اے پی پی ایس) کے اگلے اجلاس کے جلد از جلد انعقاد کا خواہاں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں