وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

13نکاتی ایجنڈے میں ملکی معاشی اور سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 4 اگست 2020 12:01

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا
ا سلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 اگست ۔2020ء) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے گا‘وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 13 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے اجلاس میں وفاقی کابینہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک پاکستان کی منظوری دے گی. پاکستان کے آفیشل نقشہ کی تیاری اور اجرا کی منظوری بھی ایجنڈا کا حصہ اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی پر بریفنگ بھی ایجنڈا میں شامل ہیں‘وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں میڈیا ہاﺅسز کے واجبات کی ادائیگیوں پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی، گیس کی تقسیم کے منصوبوں پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی.

کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے بورڈ کی تشکیل نو ایجنڈا کا حصہ ہے جب کہ کابینہ کو اقتصادی ترقی اور معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی‘ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق پیشرفت رپورٹ بھی کابینہ میں پیش کی جائے گی، وزارت آئی ٹی کے ماتحت یوایس ایف کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے. وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد میں گھروں میں کام کرنے والے ورکرز کے تحفظ کا بل منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے چیئرمین کی تقرری بھی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے قومی انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے آر پی ٹی، ایریل ورک اور چارٹر لائسنس کی تجدید اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہیں، کابینہ پاکستان گلوبل انسٹی ٹیوٹ روات کے چارٹر کی منظوری بھی دی جائے گی.

واضح رہے کہ مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی کیلئے مارک اپ سبسڈی کی منظوری دے دی گئی‘ اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ نیاپاکستان ہاوَسنگ کے تحت بینک فنانسنگ پرمارک اپ سبسڈی 10 سال کیلئے ہوگی. اعلامیہ کے مطابق پانچ مرلہ کے گھرکیلئے پہلے پانچ سال مارک اپ 5 فیصد اور اگلے پانچ سال کیلئے 7 فیصدہوگا 3 سے 5مرلہ گھرکی قیمت35لاکھ تک ہوگی اس پرسبسڈی دی جائے گی‘جاری اعلامیہ کے مطابق دس مرلہ گھر پرسبسڈی 60 لاکھ کی قیمت تک ہوگی سستے گھروں کیلئے 10 سال کیلئے 33 ارب روپے رکھے گئے تھے.

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں پاک فوج کو رواں سال پاسکو سے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی یہ گندم ادائیگی پر پاسکو سے فوج کو فراہم کی جائے گی‘اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے سال2020 کیلئے تمباکو کی کم ازکم قیمت کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

قیمت کی منظوری پرائس اینڈ گریڈرویژن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں دی گئی. اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر اور سرکاری محکموں کیلئے نئے سسٹم کی منظوری دے دی اس منصوبے کیلئے 4.18کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے اعلامیہ کے اجلاس میں مطابق بلوچستان میں معدنیات کی ترقی کیلئے منرل ایکسپلوریشن کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی گئی منصوبے کیلئے پی ایم ڈی سی کے ذریعے 32 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں