کشمیر کے فوجی محاصرے سے کشمیری عوام کی جدوجہدآزادی کو سلب نہیں کیا جاسکتا

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام

منگل 4 اگست 2020 18:33

کشمیر کے فوجی محاصرے سے کشمیری عوام کی جدوجہدآزادی کو سلب نہیں کیا جاسکتا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بھارت فوجی محاصرے کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کی تحریک آزادی کو دبانے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجی محاصرے اور غیر قانونی اقدامات سے بھارت کی حکومت خصوصاً مودی سرکار کے استحصالی اور توسیع پسندانہ عزائم کو دنیا میں بے نقاب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں کیا جو 5 اگست کو ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر متفق ہیں اور سب نے بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدام کی پر زور مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بھارتی آئین سے آرٹیکل 35-A اور 370 کے خاتمے کے غیر قانونی اقدام کے باجود بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم نے بھارت کی انتہا پسند حکومت کے اصل ایجنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے توسیع پسندانہ اور منافرت پر مبنی اقدامات نے پورے خطے کی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونے تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے اور اور تمام علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔

اسپکر نے کہا کہ بھارت کے آئین سے آرٹیکلز 35-A اور 370 کا خاتمہ غیر قانونی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا غیر قانونی اقدام پوری دنیا کی توجہ کا متقاضی ہے کیونکہ اسے کشمیرکی نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کیا گیا ہے بلکہ یہ کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی مذموم سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ متنازعہ علاقہ کی حیثیت سے کشمیری حیثیت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور بھارت کی حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کا بھارت کے ساتھ الحاق غیر قانونی قدم اٹھایا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہیکہ مقبوضہ کشمیر ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکلز 35-A اور 370 کا خاتمہ کشمیری عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ IIOJK میں ڈومیسائل کا نیا قانون کشمیری عوام کا استحصال کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارت افواج کے ذریعے ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کا سختی سے نوٹس لے اورIIOJK میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں