چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس،شوگر کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

بدھ 5 اگست 2020 18:45

چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس،شوگر کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) قومی احتساب بیوروکے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین نیب حسین اصغر، پراسیکوٹر جنرل نیب سید اصغر حیدر، ڈی جی آپریشن نیب ظاہر شاہ، ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شوگر کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور شوگر سبسڈی کی غیر جانبدرانہ، شفاف اور میرٹ پر تحقیقات کیلئے نیب راولپنڈی کے تجربہ کاراور محنتی افسران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ٹیم میں دو انوسٹی گیشن افسران، فنانشل ایکسپرٹ، لیگل کونسل، شوگر انڈسٹری کے معاملات کے بارے میں تجربہ رکھنے والے ایکسپرٹ، فرانزک ایکسپرٹ اور کیس افسر/ ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر شامل ہوںگے۔

(جاری ہے)

تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کریں گے جبکہ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال، ڈپٹی چئیرمین نیب حسین اصغر، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹبلیٹی سید اصغر حیدر اور ڈی جی آپریشنز ظاہر شاہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کا نیب ہیڈ کوارٹرز میںہرماہ جائزہ لیں گے۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تحقیقات کو شفاف، غیر جانبدارانہ اور میرٹ پر کام مکمل کرنے کیلئے تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سے متعلق مکمل تفصیلات معلوم کرنے کے علاوہ ایس ای سی پی سے متعلقہ کمپنیوں کی قانونی، مالی اور آڈٹ رپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کرکے معاملہ کو تہہ تک پہنچا ئے گئی۔ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ چینی سبسڈی کی تحقیقات انتہائی غیر جانبدارانہ، شفاف، میرٹ اور پروفیشنل انداز میں مکمل کی جائیں اور تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد اور محکموں کو اپنی صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے اور غیر قانونی طریقہ سے چینی سبسڈی وصول کرنے والے ہر اس شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جن کو غیر قانونی طریقے سے نہ صرف چینی سبسڈی دی گئی اور وہ لوگ جنہوں نے ملک و قوم کے اربوں روپے نوازشات کی مد میں وصول کئے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں