حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں ایکنک نے ایم ایل ون منصوبہ کی منظوری دیدی

ایم ایل ون منصوبے کے تحت 1733 کلو میٹر کراچی پشاور ریلوے نیٹ ورک بہتر کیا جائے گا ، اعلامیہ یو ایس پاکستان نالج کاریڈور منصوبے کا 25 ارب روپے مالیت کا منصوبہ بھی ایکنک میں زیر غور آئے گا

بدھ 5 اگست 2020 22:51

حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں ایکنک نے ایم ایل ون منصوبہ کی منظوری دیدی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں ریلوے کا اہم ترین ایم ایل ون منصوبہ منظور کرلیاگیا ۔ اعلامیہ کے مطابق ایم ایل ون منصوبے کے تحت 1733 کلو میٹر کراچی پشاور ریلوے نیٹ ورک بہتر کیا جائے گا ۔ اعلامیہ کے مطابق ایم ایل م ون منصوبے پر 6.8 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی، مسافر ٹرین 165 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار، جبکہ مال بردار گاڑیاں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی ۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق منصوبہ میں 672 ارب روپے کی مقامی افرادی قوت اور مٹیریل استعمال ہو گا ، یو ایس پاکستان نالج کاریڈور منصوبے کا 25 ارب روپے مالیت کا منصوبہ بھی ایکنک میں زیر غور آئے گا ، منصوبے کے تحت 1000 طلبا و طالبات کو پی ایچ ڈی کے لیے سکالر شپ فراہم کیا جائے گا ، اعلامیہ کے مطابق منصوبہ عوامی شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز فراہم کرے گا ، 11 ارب روپے مالیت کا پاکستان سنگل ونڈو منصوبہ بھی ایکنک میں زیر غورآئے گا، منصوبے کے تحت سرحد پار تجارت کے نظام اور طریقہ کار میں بہتری آئے گی ، پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کے تحت خود کار اندارج کے لیے مرکزی ہب تشکیل دیا جائے گا ، منصوبے کے تحت سرحد پار تجارت کے لیے درکار لائیسنس، اجازت نامے اور پیپر لیس پروسیسنگ میں مدد حاصل ہو گی ، پاکستان سنگل ونڈو منصوبے سے پاکستان کی سرحد پار تجارت سے متعلق عالمی درجہ بندی میں بہتری آئیگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں