سپریم کورٹ نے صحافی مطیع اللہ جان کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی

جمعرات 6 اگست 2020 17:11

سپریم کورٹ نے صحافی مطیع اللہ جان کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر عدلیہ اور معزز ججز صاحبان کو تنقید کا نشانہ بنانے والے صحافی مطیع اللہ جان کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ عدالت عظمی نے آئی جی اسلام آباد کو آئندہ سماعت تک دوبارہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے صحافی مطیع اللہ جان کو بھی وکیل کرنے کیلئے 4 ہفتوں کی مہلت دیدی ہے۔

جمعرات کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت عظمی نے کیس سے متعلق آئی جی اسلام آباد کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ پولیس کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تفتیش کرنا نہیں آتی، ہر کیس میں تفتیش کا یہی حال ہے، پولیس نے ابھی تک کرائم سین کا نقشہ ہی نہیں بنایا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت اٹارنی جنرل آف پاکستان نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی رپورٹ میں نے بھی پڑھی اور میں بھی اس رپورٹ سے مطمئن نہیں ہوں، اس رپورٹ کے بعد نادرا اور ایف آئی اے سمیت تمام اداروں کو کیس کی تحقیقات میں ساتھ ملایا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے صحافی مطیع اللہ جان کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جواب میں جتنی تاخیر آپ کریں گے اسکا نقصان آپ کو ہو سکتا ہے۔ دوران سماعت صحافی مطیع اللہ جان نے موقف اپنایا کہ عید الاضحی کی چھٹیوں اور پولیس تفتیش کی وجہ سے جواب تیار نہیں کر سکا۔ عدالت عظمی نے آئی جی اسلام آباد کو چار ہفتوں تک دوبارہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے صحافی مطیع اللہ جان کو بھی وکیل کرنے کیلئے 4 ہفتوں کی مہلت دیدی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں