وزیراعظم عمران خان ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نیک نیتی کے ساتھ دن رات کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس بحران کے دوران یکسوئی اور ثابت قدمی کے ساتھ ایسی حکمت عملی اپنائی جو دنیا کیلئے مثال بنی، بین الاقوامی سطح پر ان کے اقدامات کو سراہا گیا، ملک مشکل دور سے نکل آیا ہے لیکن وباء ابھی ختم نہیں ہوئی، عوام ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رکھیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 6 اگست 2020 23:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نیک نیتی کے ساتھ دن رات کام کر رہے ہیں، ملک کو آگے لیکر جانے کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے، اگر ہم مل جل کر پازیٹو فریم آف مائنڈ کے ساتھ اپنا حصہ ڈالیں تو یہ ملک بہت آگے جا سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس بحران کے دوران یکسوئی اور ثابت قدمی کے ساتھ ایسی حکمت عملی اپنائی جو دنیا کیلئے مثال بنی اور بین الاقوامی سطح پر ان کے اقدامات کو سراہا گیا، بلاشبہ ہمارا ملک مشکل دور سے نکل آیا ہے اور کورونا کی صورتحال میں بتدریج بہتری آئی ہے لیکن وباء ابھی ختم نہیں ہوئی اسلئے عوام کو چاہیے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل انرجی سیکٹر سے جڑا ہوا ہے اور وزیراعظم عمران خان اسے نمبر ایک مسئلے کے طور پر لیکر چل رہے ہیں، انرجی سیکٹر کے مسائل سنجیدہ ہیں جنہیں حل کرنا ضروری ہے، ماضی کی حکومتوں نے اس اہم مسئلے کو نظر انداز کیا تاہم موجودہ حکومت اس سیکٹر کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں اس شعبے میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مختلف شعبوں کو کھولنے کا مقصد معیشت کا پہیہ چلانا ہے، ترقی یافتہ ممالک بھی ابھی مشکلات سے دوچار ہیں لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہے جس پر پوری قوم کو شکر ادا کرنا چاہیے، عوام کو چاہیے کہ احتیاط جاری رکھیں اور تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کئی ممالک میں بے احتیاطی کی وجہ سے وائرس کی دوبارہ لہر آئی ہے، امید ہے کہ قوم ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کا خیال رکھے گی۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ غریبوں کا سوچتے ہیں، وباء کے دوران بھی انہوں نے غریب خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی تمام ضروریات پوری کر دی ہیں، امید ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں اچھا ماحول دیکھنے کو آیا، کافی عرصے سے زیرالتواء ایشوز بھی حل ہوئے، اگر ہم مل جل کر اور پازیٹو فریم آف مائنڈ کے ساتھ اپنا حصہ ڈالیں تو یہ ملک بہت آگے جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں