تعمیرات سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہر قسم کی آسانیاں فراہم کی جائیں،وزیراعظم کی ہدایت

راوی ریورفرنٹ اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ لاہور کی آلودگی کو کم کرنے اور مستقبل کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دیگا،منصوبہ مقررہ مدت اور لاگت میں مکمل کیا جائے، منصوبے کی تکمیل میں مقامی افراد ی قوت اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے،سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے، اجلا س سے خطاب

جمعہ 7 اگست 2020 21:38

تعمیرات سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہر قسم کی آسانیاں فراہم کی جائیں،وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیرات سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہر قسم کی آسانیاں فراہم کی جائیں،راوی ریورفرنٹ اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ لاہور کی آلودگی کو کم کرنے اور مستقبل کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دیگا،منصوبہ مقررہ مدت اور لاگت میں مکمل کیا جائے، منصوبے کی تکمیل میں مقامی افراد ی قوت اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے،سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے۔

جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء سینیٹر شبلی فراز، حماد اظہر، مشیر وزیراعظم مرزا شہزاد اکبر، چیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر ، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، پنجاب کے صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، مشیرڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکریٹری پنجاب، وائس چیرمین ایل ڈی اے اور سینئر افسران موجود تھے جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے معاون خصوصی ملک امین اسلم، چیرمین ایف بی ار، وفاقی سیکریٹریز برائے ہاوسنگ، منصوبہ بندی، توانائی، پیٹرولیم، قانون، چیئرمین سی ڈی اے شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔چیف سیکریٹری سندھ اور خیبر پختونخوا نے عوامی سہولت کے لیے قائم کردہ ون ونڈو آن لائن پورٹل کے اجرا کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کے اس پورٹل کے اجرا سے کوئی بھی خواہشمند شہری کوئی بھی تعمیراتی منصوبہ شروع کرنے کے لیے آن لائن درخواست دے سکے گا۔

اس پورٹل سے انسانی مداخلت کم سے کم ہو گی اور ہر موقع پر درخواست میں پیش رفت کا پتہ چل سکے گا۔ مزید اس پورٹل سے متعلقہ افسران کی کارکردگی متعین کرنے کا موقع بھی ملے گا۔وزیرِ اعظم نے سندھ اور خیبرپختونخواہ کی جانب سے آن لائن پورٹل کے اجراء کو سراہا۔ وزیرِ اعظم کو راوی ریور فرنٹ اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

وزیر اعظم نے اس امر پر زور دیا ہے کہ تعمیرات سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہر قسم کی آسانیاں فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس شعبے میں دی جانے والی مراعات سے مستفید ہوں۔ آن لائن پورٹل کے اجرا سے اس حوالے سے مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے راوی ریورفرنٹ اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ لاہور کے لیے بہت اہم منصوبہ ہے۔ لاہور کی آلودگی کو کم کرنے اور مستقبل کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت اور لاگت میں مکمل کیا جائے۔ اس منصوبے کی تکمیل میں مقامی افراد ی قوت اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں