نیب قوانین میں ترامیم کیلئے اپویشن کی تجاویز این آر او حصول کے دستاویزی ثبوت ہیں،

حکومت کسی قیمت پر اپوزیشن جماعتوں کو این آر او نہیں دے گی ، بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 8 اگست 2020 22:20

نیب قوانین میں ترامیم کیلئے اپویشن کی تجاویز این آر او حصول کے دستاویزی ثبوت ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کسی بھی قیمت پر احتساب کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹے گی، اپوزیشن جماعتیں نیب قوانین میں ترامیم کیلئے ٹھوس تجاویز کے ساتھ سامنے آئیں تاکہ اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، اپوزیشن رہنما یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ انہوں نے حکومت سے کبھی بھی کسی این آر او کے لئے نہیں کہا لیکن انہوں نے نیب قوانین میں ترامیم کیلئے جو تجاویز پیش کیں وہ این آر او کے حصول کے دستاویزی ثبوت ہیں۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو قومی مفادات کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی حمایت کرنی چاہیے، اگر اپوزیشن قومی مفادات سے زیادہ اپنے فوائد کو ترجیح دیتی ہے تو اپوزیشن جماعتوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے اپوزیشن کے نیب اور حکومت گٹھ جوڑ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا سارا سیٹ اپ سابقہ حکومتوں کا بنایا ہوا ہے اور حکومت اس کے کاموں میں مداخلت نہیں کرتی، نیب آزادانہ طور پر بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران اور آصف زرداری سمیت بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی قومی دولت کی بازیابی ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ شریف خاندان چاہتا ہے کہ قانون ان کی خواہشوں پر عمل کرے اور انہیں جوابدہ نہ ٹھہرایا جائے جو ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واحد شخص ہیں جنہوں نے بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھائی ہے، موجودہ حکومت ملک سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، اپوزیشن جماعتوں کو کوئی "این آر او" آرڈیننس) نہیں دیا جائے گا اور بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت ان کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے لیکن مشکل وقت جلد ہی ختم ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں