پی ایس او نے یورو 20 پٹرول کی درآمد کا آغاز کر دیا ہے،

یورو 20 پٹرول کی درآمد سے ماحول کو بہتر بنانے اور عالمی درجہ حرارت کے تحفظ اور صارفین کو معیاری ایندھن کی فراہمی میں مدد ملے گی،ترجمان پٹرولیم ڈویژن

ہفتہ 8 اگست 2020 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) ترجمان پٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) نے یورو 20 پٹرول کی درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ یورو 20 پٹرول کی درآمد سے ماحول کو بہتر بنانے اور عالمی درجہ حرارت کے تحفظ اور صارفین کو معیاری ایندھن کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ ہفتہ کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پی ایس او نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان کی ہدایت پر یورو 20 پٹرول کی درآمد کا آغاز کیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن نے یورو 20 پٹرول کی درآمد کے لئے اگست 2020ء سے پالیسی وضع کر دی ہے۔ جنوری 2021ء تک ڈیزل کی بھی تمام درآمدات یورو 20 معیار پر منتقل ہو جائیں گی۔ اس کا مقصد ملک میں فیول مکس کو بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پالیسی اصول اوگرا کو بھی بھیجے گئے ہیں تاکہ ان پر عملدرآمد کیا جائے اور وفاقی حکومت کی طے کردہ تاریخوں کے مطابق یورو 20 پٹرول اور ڈیزل کی درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یورو 20 پٹرول کی درآمد سے سلفر کی مقدار کو کم کرنے میں مدد ملے گی جس سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی اور اس سے گاڑیوں کی استعداد بہتر ہو گی جو کہ کم معیار والے ایندھن کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے، حکومت نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی بھی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ ماحول کے تحفظ کے لئے بہتر ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس او نے الیکٹرک چارجنگ کی سہولت کی فراہمی میں بھی کلیدی کردار کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت میں ایک چارجنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے جس کا گزشتہ مہینے وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے افتتاح کیا۔ ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی درآمد شروع کرنے سے پہلے یورو 5 پٹرول اور ڈیزل کا تجزیہ کرنے کے لئے ٹیسٹنگ لیبز بھی قائم کر دی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں