ابتدائی خبر

وزیراعظم عمران خان نے کورنگ پارک میں پودا لگا کر ملک کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

اتوار 9 اگست 2020 19:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کورنگ پارک میں پودا لگا کر اتوار کو ملک کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ٹائیگر فورس کے رضا کاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہریوں اور ٹائیگر فورس کے ارکان نے مختلف پودے لگائے۔ حکومت نے 9 اگست کو ملک بھر میں ٹائیگر فورس کا دن منانے کا اعلان کیا تھا اور 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 10 لاکھ سے زائد رضا کاروں کے ہمراہ پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا میں 20 لاکھ، پنجاب میں 11 لاکھ 90 ہزار، سندھ میں 3 لاکھ، آزاد جموں و کشمیر میں 57 ہزار، بلوچستان میں 15 ہزار اور گلگت بلتستان میں 11 ہزار پانچ سو پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں ایک دن میں ریکارڈ 35 لاکھ پودے لگائے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹائیگر فورس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو سراہا رہی ہے، عوام ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رکھیں اور فیس ماسک ضرور پہنیں۔ محرم الحرام کے دوران ہمیں سخت احتیاط کی ضرورت ہے، عوام محرم الحرام کے دوران فیس ماسک پہن کر ملک کو وائرس سے محفوظ بنائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں