تفصیلی خبر ))

زمین پر سب سے بہترین صدقہ جاریہ درخت لگانا ہے، ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم شجرکاری کے ذریعے ملک کو سرسبز اور صاف بنائیں، کورونا وائرس کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی اس لئے عوام ایس او پیز پر عمل کریں وزیر اعظم عمران خان کا کورنگ پارک میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کے اجتماع سے خطاب

پیر 10 اگست 2020 00:50

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زمین پر سب سے بہترین صدقہ جاریہ درخت لگانا ہے،یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم شجرکاری کے ذریعے ملک کو سرسبز اور صاف بنائیں، کورونا وائرس کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی اس لئے عوام ایس او پیز پر عمل کریں۔ اتوار کو یہاں کورنگ پارک میں ٹائیگر فورس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ملک امین اسلم نے بھی خطاب کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے جنگلات کاٹ کر ملک کا نقصان کیا ہے،اگر گرمی بڑھتی رہی،گلیشیر پگھلتے رہے تو دریائوں میں پانی کم آئے گا اس سے ہماری زمینیں ریگستان بن جائیں گی،اس سے بھوک و افلاس پھیلے گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے آنے والی نسلوں، اپنے بچوں کے لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے ملک کو ہرا کرنے کے لئے پوری کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جو آج ہم نے 35 لاکھ درخت لگائے ہیں یہ ایک شروعات ہے،یہ مسلسل جدوجہد اور جہاد ہے،ہم یہ اپنے لئے نہیں بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کیلئے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب قومیں منظم ہو کر فیصلہ کرتی ہیں تو اللہ کی زمین پر نقصان کی بجائے بہتری آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بہتر صدقہ جاریہ زمین پر درخت لگانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ساری ٹائیگر فورس، نوجوان اور انتظامیہ جو یہاں شریک ہوئے ان کا ملک کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں ،ہم نے ملک کو ہرا کرنا ہے اس میں درخت لگانے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کے اتفاق رائے سے فیصلوں کے ہمیشہ مثبت نتائج نکلے ہیں، کورونا وائرس کی وبا میں ملک کی کامیابی اس کی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی بھی ملک کو متاثر کر رہی ہے اس کی بڑی نشانی رواں سال گندم کی پیداوار میں 15 لاکھ ٹن کمی ہے،کیونکہ بارشوں نے گندم کی فصل کو بری طرح متاثر کیا۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر پودہ لگا کر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا جس کے تحت ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر 9 اگست کو ملک بھر میں 35 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنی اصل صلاحیت کا ادراک کرتے ہوئے آگے بڑھے اور جنگلات کا کٹائو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔انہوں نے کورونا وبا کے دوران حکومت کی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اور عوام کے کے ردعمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے روزانہ مریضوں میں کمی آرہی ہے۔

انہوں نے راول جھیل میں آلودگی پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا، عوام سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور پبلک مقامات پر ماسک پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے کرونا وائرس کے کنٹرول کے ہمارے اقدامات کو سراہا ہے،انہوں نے این سی او سی ،ٹائیگر فورس اور ان کی ہیلتھ ٹیم کی جانب سے کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے قوم سے کہا کہ آنے والے محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر عمل کریں۔قبل ازیں ماحولیات کے مشیر ملک امین اسلم نے کہا کہ اتوار کو ملک بھر میں 35 لاکھ پودے لگائے گئے،پاکستان دنیا کا پانچواں ملک ہے جسے موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بنک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 6 اضلاع جن میں حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص،لاہور، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں،ان میں مسقبل میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

حکومت نے 9 اگست کو ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منانے کا اعلان کیا تھا،جس میں رضاکاروں نے 10 ارب سونامی ٹری منصوبے کے تحت شجرکاری میں حصہ لیا۔اس دن خیبرپختونخوا میں 20 لاکھ،11 لاکھ 90 ہزار پنجاب،3 لاکھ سندھ،57 ہزار آزاد کشمیر، 15 ہزار بلوچستان،اور 11 ہزار 500 پودے گلگت بلتستان میں لگانے کا منصوبہ تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں