بلوچستان میں سیلابی صورتحال ، پاکستان ریلوے پھنسے ہوئے مسافروں کے لئے (آج) سے کوئٹہ اور سبی کے درمیان شٹل ٹرین چلائے گا،وفاقی وزیر شیخ رشید

پیر 10 اگست 2020 00:50

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے باعث پاکستان ریلوے پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لئے (آج) پیر سے کوئٹہ اور سبی کے درمیان شٹل ٹرین چلائے گا۔ اتوار کو وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بلوچستان میں شدید سیلاب کی وجہ سے سڑکوں کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ اور سبی کے درمیان لوگوں کو آمد و رفت میں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد سبی ریلوے سٹیشن پر آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ سبی کو ہدایت کی ہے کہ مسافروں کو کوئٹہ پہنچایا جائے اور (آج) پیر سے شٹل ٹرین چلائی جائے، شٹل ٹرین صبح 10 بجے کوئٹہ سے سبی کے لئے روانہ ہو گی جبکہ شام چار بجے سبی سے کوئٹہ کے لئے روانہ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین بلوچستان میں سڑکوں کا نظام بہتر ہونے تک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کی حفاظت کے لئے ایف سی کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں