وزیراعظم عمران خان کی بل گیٹس کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو،

کووڈ۔19 کی تازہ ترین صورتحال اور پاکستان میں پولیو ویکسین کی تیاری کے حوالہ سے تبادلہ خیال حکومت کی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی انتہائی مؤثر ثابت ہوئی، بروقت اور دانشمندانہ مداخلت سے حکومت کووڈ۔19 کے صحت اور معیشت پر اثرات کو کم کرنے میں کامیاب ہوئی ،ملک کی معیشت دوبارہ کامیابی سے بحالی کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم عمران خان

منگل 11 اگست 2020 23:32

وزیراعظم عمران خان کی بل گیٹس کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق منگل کو وزیراعظم عمران خان نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کووڈ۔19 کی تازہ ترین صورتحال اور پاکستان میں پولیو ویکسین کی تیاری کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات میں واضح کمی کے حوالہ سے پاکستان میں کووڈ۔19 کی صورتحال میں بہتری کے بارے میں بل گیٹس کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی سمارٹ لاک ڈائونز کی پالیسی انتہائی مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ بروقت اور دانشمندانہ مداخلت سے حکومت کووڈ۔

(جاری ہے)

19 کے صحت اور معیشت پر اثرات کو کم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور ملک کی معیشت دوبارہ کامیابی سے بحالی کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تسلیم کیا کہ گیٹس فائونڈیشن کی پاکستان کو معاونت میں کووڈ۔19 کے حوالہ سے اقدامات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو انفراسٹرکچر نے کویڈ۔19 کی صورتحال میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم اور بل گیٹس دونوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے حفاظتی اقدامات کے تحت پولیو ویکسین کی بحالی کا عمل حوصلہ افزاء ہے۔

انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ویکسین کے پروگرام میں ملک کے دور دراز علاقوں سمیت پورے ملک میں تمام بچوں کی پولیو ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پولیو ویکسینیشن کے حوالہ سے دستیاب سہولیات کی کووڈ۔ 19 کے دوران معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جیسا کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) بھی پولیو کے خاتمہ میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔

وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کووڈ۔19 سے حاصل ہونے والے تجربات کو پولیو کے خاتمہ کیلئے استعمال کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ بل گیٹس نے تسلیم کیا کہ کورونا وائرس کی وباء کے خلاف پاکستان کی کاوشوں سے قیمتی انسانی جانوں اور معاشرہ کے زیادہ متاثرہ طبقات کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس نے مشترکہ ترجیحات پر باہمی تعاون کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں