ایم ایل ون منصوبے کو طورخم تک لے جائیں گے، سپیکر قومی اسمبلی

چمن کوئٹہ کراچی روڈ پر اس سال کام شروع کردیا جائے گا،کوہاٹ ڈی آئی خان سڑک کے لئے نو ارب روپے جاری کردیئے گئے ہیں، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

بدھ 12 اگست 2020 14:00

ایم ایل ون منصوبے کو طورخم تک لے جائیں گے، سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے کی منظوری ایکنک نے ایک ہفتہ قبل دی ہے اور یہ کراچی سے پشاور تک ہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ اس منصوبے کو طورخم تک لے جائیں گے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر محسن داوڑ نے کہا کہ ایم ایل ون کی منظوری طورخم بارڈر تک تھی اب اس کو پشاور تک محدود کیا جارہا ہے اس کی حکومت وضاحت کرے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کی منظوری ایکنک نے ایک ہفتہ قبل دی ہے۔ اس سے قبل اگر یہ منصوبہ کہیں خیالوں میں تھا تو ہمیں علم نہیں۔ دیر ‘چترال شاہراہ کی ہم نے منظوری دی جس پر مارچ سے کام شروع ہوگا۔ حیدرآباد سکھر موٹروے پر ایکسپریشن آف انٹرسٹ آگیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سال اس پر کام شروع کریں گے۔ حیدرآباد کراچی موٹروے معیار پر پوری نہیں اترتی۔

سندھ کو پہلی موٹروے عمران خان دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک مغربی روٹ میں محروم علاقوں کو شامل کریں گے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ چمن کوئٹہ کراچی روڈ پر بھی اس سال کام شروع کردیا جائے گا۔ کوہاٹ ڈی آئی خان سڑک کے لئے نو ارب روپے جاری کردیئے گئے ہیں اس پر کام ہو رہا ہے۔ ژوب کچلاک شاہراہ کو گوادر تک لے جارہے ہیں۔ سی پیک کے مستقبل میں روڈ کنیکٹیوٹی کے حوالے سے پلان کے بارے میں اراکین کو بریفنگ دے سکتے ہیں۔

لودھراں ملتان شاہراہ پر کام کرایا جائے گا۔ میانوالی مظفر گڑھ شاہراہ کی فزیبلٹی سٹڈی اسی سال مکمل کرکے اس خواب کو حقیقت بنائیں گے۔ جی ٹی روڈ پر موجود بڑے شہروں کو موٹروے سے منسلک کیا جائے گا۔ اس سے پورے پاکستان میں صنعت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ فارم ٹو مارکیٹ سے کاشتکاروں کے حالات بہتر ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں