سپیکر وڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی 73ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد ، یہ ملک لازوال قربانیوں اور انتھک جدوجہد سے حاصل کیا گیا

جمعرات 13 اگست 2020 18:45

سپیکر وڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی 73ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد ، یہ ملک لازوال قربانیوں اور انتھک جدوجہد سے حاصل کیا گیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے 73ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں اپنے ان بزرگوں کی یاد دلاتا ہے جن کی لازوال قربانیوں اور انتھک جدوجہد سے یہ ملک حاصل ہوا، آزادی بلاشبہ ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس کی قدر و قیمت ان لوگوں کو صحیح طور پر معلوم ہے جو غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں اور جبر و استحصال کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے عوام کی حالت زار سے صحیح طور پر آزادی کی قدر و قیمت کا اندازہ ہوتا ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کے پاکستان کے قیام کا مقصد ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا جہاں قرآن و سنت کی روشنی میں ریاست میں بسنے والے تمام طبقات کے حقوق کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک جمہوری، خوشحال اور پرامن پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں سب کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور دنیا کے لئے ایک بہترین مثال ہو۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے بانیان کے تصور اور افکار کے مطابق پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تمام مکتبہ ہاے فکر کا ایک صفحہ پر ہونا ضروری ہے۔

سپیکر نے تحریک آزادی کے شہدا اور بانیان پاکستان کی لازوال قربانیوں اور انتھک جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ ان کی قربانیاں اور جدو جہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر ملک کی تعمیر و ترقی اور پاکستان کو اقوام عالم میں ایک باوقار مقام دلانے کے لیے انتھک محنت اور جدو جہد کو اپنا شعار بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ملک کی تمام سیاسی قوتوں پر اپنے آپس کے اختلافات بھلا کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے یکجا ہونے پر زور دیا۔

سپیکر نے کرونا وایرس کی وبا کے دوران خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر اور رضاکارانہ طور پر کام کرنے والے ٹایگر فورس کے نوجوانوں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ملک میں امن کے قیام کے لیے پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ سپیکر نے مزید کہا کہ آج کا دن ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خلوص نیت اور لگن سے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے منصوبوں ، عمل اور حاصل ہونے والے نتائج پر غور کرنا ہوگا اور ایک نئے جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عہد کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ 14 اگست تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں بانیان پاکستان اور اجداد کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے اس ملک کو حاصل کرنے کے لیے دیں۔

انہون نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم صوبائیت، لسانیت اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے متحد ہوکر کام کرینگے اور محنت کو اپنا شعار بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے اتحاد، ایمان اور یقین محکم کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں اور اقوام عالم میں ایک باوقار مقام دلا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں