سی ڈی ای کی اسلام آباد میں مالکان کو پلاٹ لائن سے تجاوز کرکے قائم کی جانے والی تجاوزات کو ازخود ختم کرنے کے لئے 24 گھنٹوں کی مہلت

جمعرات 13 اگست 2020 21:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی ای) نے اسلام آباد میں ایسی تمام عما رات کے مالکان کو پلاٹ لائن سے تجاوز کرکے قائم کی جانے والی تجاوزات کو ازخود ختم کرنے کے لئے 24 گھنٹوں کی مہلت دی ہے۔ جمعرات کو سی ڈی اے ترجمان کے مطابق اس ضمن میں عوام الناس کو بذریعہ پبلک نوٹس ایسی تمام تجاوزات کو 24 گھنٹوں میں ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر تجاوزات کے خا تمے کے لئے بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس سلسلے میں حتمی پبلک نوٹس اخبارات میں جاری کر دیا گیا ہے جس میں ایسی تمام عمارات کے مالکان اور رہائشی گھروں کے مکینوں کو ان کے اپنے مفاد میں تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ سی ڈی اے کی سرکاری اراضی پر بنائی گئی ایسی تمام تجاوزات کو 24 گھنٹوں میں ازخود ختم کر دیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایسے تمام تجاوزات کنندگان کو مزید کوئی مہلت نہیں دی جائے گی بلکہ تجاوزات کنندگان کی طرف سے یہ تجاوزات ازخود ختم نہ کرنے کی صورت میں سی ڈی اے ایسی تمام تجاوزات کو مسمار کر دے گی اور اس عمل کے دوران کسی بھی قسم کے نقصان کی ذمہ دار نہ ہو گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں عمارات کے مالکان کی بڑی تعداد بشمول کثیرالمنزلہ عمارات، کمرشل، انڈسٹریل، مختلف اداروں، نیم سرکاری عمارات اور رہائشی گھروں میں سی ڈی اے کی سرکاری اراضی پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔ ان تجاوزات میں سرکاری اراضی، فٹ پاتھوں اور روڈز پر رکاوٹیں کھڑی کرنے اور جنریٹرز وغیرہ رکھنے کے علاوہ سرکاری اراضی پر اپنی عمارات کے اردگرد خار دار تاریں لگانے، سی ڈی اے کی اراضی پر کارشیڈز کی تعمیر،کارپارکنگ اور جنریٹرز رکھنے، عمارات کے سامنے سرکاری اراضی پر سیکورٹی کیبن کی تعمیر اور سی ڈی اے کی سرکاری اراضی پر لان اور باغیچے وغیرہ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں