مہنگی گاڑیاں رکھنے والے فیصل واوڈا کا نام بھی ٹیکس نہ دینے والوں میں شامل

وفاقی وزراء اور سینیٹرز سمیت کئی اور اراکین اسمبلی بھی ایسے ہیں جنہوں نے کوئی ٹیکس نہیں دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 18 ستمبر 2020 15:40

مہنگی گاڑیاں رکھنے والے فیصل واوڈا کا نام بھی ٹیکس نہ دینے والوں میں شامل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا نام بھی ٹیکس نہ دینے والوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ، جن کی اکثر نت نئی اور مہنگی گاڑیوں کے ساتھ تصاویر بھی منظر عام پر آچکی ہیں تاہم ایف بی آر کی طرف سے جاری ٹیکس ڈائریکٹری سے پتا چلا کہ انہوں نے سرے سے کوئی ٹیکس دیا ہی نہیں ۔  ایف بی آر کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نےکوئی ٹیکس نہیں دیا جب کہ سینیٹر فیصل جاوید اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی ٹیکس نہ دینے والوں میں شامل ہیں ، اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، فاٹا سے ن لیگی سینیٹر شمیم آفریدی اور مسلم لیگ ن کے ہی سینیٹر رانا مقبول احمد نے بھی ٹیکس جمع نہیں کروایا ۔

ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق ممبر قومی اسمبلی بشیر خان اور ایم این اے محمد ساجد بھی ٹیکس ادا نا کرنے والوں میں شامل ہیں ، رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب نے بھی ٹیکس نہیں دیا جب کہ جمعیت علما اسلام ف کے زاہد اکرم درانی بھی ٹیکس نہ دینے والوں میں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 2018 میں ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے جمع کرائے گئے ٹیکس کی تفصیلات جاری کردیں ، وزیراعظم عمران خان نے 2 لاکھ 82 ہزار449 روپے ٹیکس دیا ، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے97 لاکھ 30 ہزار545 روپےٹیکس ادا کیا ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 2 لاکھ 94 ہزار 117روپے ٹیکس دیا ، مسلم لیگ ن کے رہنما رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی 24 کروڑ 13 لاکھ 29 ہزار 362 روپے ٹیکس ادا کیا جو کسی بھی رکن قومی اسمبلی کی طرف سے ادا کیا گیا سب سے زیادہ ٹیکس ہے جبکہ سینیٹرز میں فروغ نسیم سر فہرست رہے ، جنہوں نے 3 کروڑ 51 لاکھ 35 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں