معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر کی زیر صدارت ترکمانستان کے وفد کے ساتھ تاپی کے حوالے سے اجلاس،پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 18 ستمبر 2020 17:53

معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر کی زیر صدارت  ترکمانستان کے وفد  کے ساتھ تاپی کے حوالے سے اجلاس،پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے ٹی پی سی ایل (تاپی پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین محمد متیرات امانوف کی سربراہی میں ترکمانستان کے وفد سے تاپی سے متعلق پٹرولیم ڈویژن میں منعقد اجلاس کی صدارت کی۔ پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر ای اٹڈجان مولاموف نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری پٹرولیم، منیجنگ ڈائریکٹر، انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیوٹ) لمیٹڈ اور وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن)، وزارت برائے امور خارجہ، وزارت قانون و انصاف، وزارت خزانہ اور اٹارنی جنرل آف پاکستان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور دونوں فریقین نے کورونا کے باوجود اب تک کی تاپی پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ترکمانستان کے وفد نے بتایا کہ ان کا ارادہ ہے کہ افغانستان میں ترکمان - افغانستان بارڈر سے ہرات آفٹیک پوائنٹ تک گیس پائپ لائن تعمیر کرکے افغانستان میں تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرے۔ افغانستان میں تعمیراتی کام کے آغاز سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے کے اعتماد کو بے حد فروغ ملے گا۔ پاکستان، افغانستان میں بین الاقوامی معیار کے گیس کے بنیادی ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر اور افغانستان میں اس طرح کی ترقیاتی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے ہر سطح پر مکمل تعاون فراہم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

فریقین نے قیمتوں اور ترسیل کے نقطہ اختتام سے متعلق پاکستان کے خدشات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ترکمان فریق نے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ معاہدوں میں پاکستان کے خدشات کا تدارک کیا جائے گا اور کورونا کی عالمی سطح پر صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ ہی ٹی پی آئی گیس کی قیمت کے بارے میں بات چیت کا آغاز ہوجائے گا۔ پاکستان کے فریق نے افغانستان کے متوازی طور پر پاکستان میں اصل تعمیراتی کام کو آگے بڑھانے کے لئے اس معاملے کو حتمی شکل دینے کی تیاری کا اظہار کیا۔

دونوں فریقوں نے اس سال کے آخر تک میزبان حکومت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا۔ ترکمان فریق نے آگاہ کیا کہ بین الاقوامی قرض دینے والی ایجنسیوں اور ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسیوں کے ساتھ ان کے مذاکرات طے پا رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ وہ زیر التواء معاملات کو حتمی شکل دینے کے بعد جلد از جلد پاکستان میں تاپی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھناچاہیں گے۔ ترکمانستان کے وفد نے پاکستان کی جانب سے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کرنے اور جاری تعاون کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تاپی منصوبے کو باہمی تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں