تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ ہو گا

اس وقت عوام مشکل میں ہیں اور پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن کچھ کرے:شاہد خاقان عباسی

Hassan Shabbir حسن شبیر جمعہ 18 ستمبر 2020 22:30

تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ ہو گا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ- اخبارتازہ ترین 18ستمبر2020ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے، اس وقت عوام مشکل میں ہیں اور پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن کچھ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے پاس جائیں گے اورامید ہے کہ وہ ساتھ دیں گے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں اپوزیشن کا متفقہ لائحہ عمل بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں عوام کی بہتری کے لیے کچھ ہو گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں ہر چیز پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ باہر نکلیں گے اورعوام کی مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ فیٹف کے دو بلز کو ہم نے ترمیم کے بغیر پاس کیا اور دو کو مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیٹف کے سات بل ہماری ترمیم سے پاس ہوئے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جلدی میں جو قانون بنتے ہیں وہ ہمیشہ تباہی کا باعث ہوتے ہیں۔ن لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ 7اے 80 پورے ملک کے لیے ناسور بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو لوگ لڑیں تو بھی یہ لگ جاتا ہے اور پورا ملک اس کو بھگت رہا ہے۔اپوزیشن کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن وہی کرسکتی ہے جو گزشتہ روز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کے اجلاس کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ان کا مزید کہنا تھاکہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب عام آدمی نیب کے دائرہ اختیار میں ہے جب کہ یہ چیز نیب کے دائرہ کار میں بھی نہیں ہے ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے استفسار کیا کہ اگر مولانا کا جلوس زیرو پوائنٹ سے دائیں مڑ جاتا تو کیا کوئی روک سکتا تھا؟پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو سال میں اپوزیشن پر کوئی کیسز نہیں بنا سکے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس وقت چینی اورآٹے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے اور آج پورا پاکستان اس بات پرمتحدہ ہے کہ یہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب عوام اپنی رائے کا اظہار کردے تو اسے روکنا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے اور سب کچھ دیکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں