سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد آئندہ ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری

ہفتہ 19 ستمبر 2020 16:52

سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد آئندہ ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2020ء) سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ہفتہ کو عدالت عظمی سے جاری کردہ ججز روسٹر کیمطابق آئندہ ہفتے 21 سے 25 ستمبر 2020ء کے دوران سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں چھ ریگولر بینچز مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بینچ نمبر ایک چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہوگا۔

بینچ دو میں جسٹس مشیر عالم،جسٹس قاضی محمد امین اور جسٹس یحیی آفریدی شامل ہوں گے۔بینچ تین جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس منیب اختر اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ہوگا۔بینچ چار میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس امین الدین خان شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

بینچ پانچ جسٹس مقبول باقر،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل ہوگا۔

بینچ چھ میں جسٹس منظور احمد ملک،جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان مانے خیل شامل ہوں گے۔ جاری کاز لسٹ کے مطابق سرکاری اراضی پیٹرول پمپس کو لیز پر دینے سے متعلق از خود نوٹس پر سماعت 21 ستمبر بروز پیر کو ہوگی۔ کرنل (ریٹائرڈ) انعام الرحیم کی رہائی کیخلاف حکومتی اپیل پر سماعت 22 ستمبر بروز منگل کو ہوگی۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور انکے بیٹے کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت 23 ستمبر بروز بدھ کو ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ججز اور عدلیہ بارے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے والے آغا افتخار الدین مرزا کیخلاف از خود نوٹس کیس اور ریلوے خسارہ از خود نوٹس کیس پر سماعت 24 ستمبر بروز جمعرات کو ہوگی۔ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور از خود نوٹس کیس پر سماعت 25 ستمبر جمعہ کے روز ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں