عوام نے پی ٹی آئی حکومت کو مینڈیٹ دیا ہے، نواز شریف تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے کیا وہ انتخابات ٹھیک تھی عمران خان وزیراعظم منتخب ہوئے تو یہ انتخابات غلط ہو گئے

اپوزیشن بدعنوان عناصر کا گروہ ہے اس میں اخلاقی جرات نہیں کہ وزیراعظم عمران خان سے استعفی کا مطالبہ کرے، حکومت اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی سے بالکل پریشان نہیں ہے، اپوزیشن نے جو کرنا ہے کرے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا نواز شریف قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں، عوام نے دیکھا کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب اور ہشاش بشاش ہیں، واپس آ کر عدالتوں میں اپنے بدعنوانی کیسز کا سامنا کریں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اتوار 20 ستمبر 2020 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حکومت کو مینڈیٹ دیا ہے، نواز شریف تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے کیا وہ انتخابات ٹھیک تھے عمران خان وزیراعظم منتخب ہوئے تو یہ انتخابات غلط ہو گئے، اپوزیشن بدعنوان عناصر کا گروہ ہے اس میں اخلاقی جرات نہیں کہ وزیراعظم عمران خان سے استعفی کا مطالبہ کرے، حکومت اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے بالکل پریشان نہیں ہے، اپوزیشن نے جو کرنا ہے کرے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، نواز شریف قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں، عوام نے دیکھا کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب اور ہشاش بشاش ہیں، انہیں چاہیے کہ واپس آ کر عدالتوں میں اپنے بدعنوانی کیسز کا سامنا کریں۔

(جاری ہے)

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس اور ریلیاں نکالنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے شوق سے کریں، لانگ مارچ کیلئے دلیری اور مقصد چاہیے جو اپوزیشن کے پاس نہیں ہے، یہ سیاسی بیروز گار ہیں، مولانا فضل الرحمان طویل عرصے بعد اسمبلی سے باہر ہیں جس کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اپوزیشن کی اے پی سی خود کو مصروف رکھنے کے سوا کچھ نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین نے اپنے دور حکومتوں کے دوران بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹا ہے جس کی وجہ سے آج ملک کی یہ حالت ہے، موجودہ حکومت کسی کو بھی دوبارہ ملک کو لوٹنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی صرف سندھ جبکہ ن لیگ پنجاب کے چند شہروں کی حد تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں، عوام نے دونوں جماعتوں کو مسترد کیا تھا اور کبھی ان کے ساتھ نہیں نکلیں گے، پیپلزپارٹی نے کراچی اور صوبے کی جو حالت کی ہے کیا اس کے خلاف احتجاج کرے گی۔

شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف تین دفعہ وزیراعظم منتخب ہوئے کیا وہ الیکشن ٹھیک تھے، صرف عمران خان کا وزیراعظم منتخب ہونا غلط ہے، اپوزیشن کے منفافقانہ رویے کے نتائج نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پر بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں، عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دے کر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہوئے ہیں اسلئے ان کی تقریر کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر علاج کیلئے بیرون ملک گئے، اے پی سی میں تقریر کرنے کے بعد وہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں، قوم نے دیکھا کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب اور ہشاش بشاش ہیں اسلئے انہیں چاہیے کہ وطن واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں، حکومت انہیں واپس لانے کیلئے تمام قانونی آپشنز پر غور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا سارا سیٹ اپ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا بنایا ہوا ہے، دونوں جماعتوں نے نیب کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی انتقام لینے کے طور پر استعمال کیا اور ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے، اب جب نیب آزادانہ طور پر بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے تو ان کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت جب اقتدار میں نہیں ہوتے تو یہ این آر او لیکر بیرون ممالک جانے کی تاریخ رکھتے ہیں ان کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے، ان کو صرف انتخابات کے وقت ووٹ کیلئے عوام کی یاد آتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں