اپوزیشن نے کرپشن سے توجہ ہٹانے کیلئے اداروں پر تنقید کی،عمران خان

ایک مفرور شخص ملکی اداروں کو بدنام کررہا ہے، ہم عدالتوں اور فوج کو بدنام نہیں ہونے دیں گے، بھارت پاکستانی اداروں اور ملک میں عدم استحکام چاہتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 ستمبر 2020 16:11

اپوزیشن نے کرپشن سے توجہ ہٹانے کیلئے اداروں پر تنقید کی،عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے کرپشن سے توجہ ہٹانے کیلئے اداروں پر تنقید کی، ایک مفرور شخص ملکی اداروں کو بدنام کررہا ہے،ہم عدالتوں اور فوج کو بدنام نہیں ہونے دیں گے،بھارت پاکستانی اداروں اور ملک میں عدم استحکام چاہتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی ، قرارداد کے متن اور ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوری طریقے سے اقتدار میں آئی، ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہے، لیبیا، عراق اور شام جیسے ممالک کمزور فوج کی وجہ سے تباہ ہوئے۔

(جاری ہے)

بیرون ملک ایک پوری لابی پاک فوج کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ن لیگ نے ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو فروغ دیا۔

ایک بار پھر لندن میں بیٹھا مفرور شخص ملکی اداروں کو بدنام کررہا ۔ اقوام متحدہ اجلاس سے قبل پاک فوج کو بدنام کرنا بھارتی سازش کا حصہ ہے۔ نوازشریف کی تقریر کے بعد بھارتی میڈیا پاکستانی اداروں کیخلاف زہر اگل رہا ہے۔ نوازشریف کی تقریر اور ٹائمز آف انڈیا میں چھپی خبر ایک ایجنڈے کی عکاس ہے۔ بھارت جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

بھارت پاکستانی اداروں اور ملک میں عدم استحکام چاہتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ن لیگ نے ہی عدلیہ پر حملہ کیا، قوم نے جسٹس قیوم کی ویڈیو سنی ہے۔ہم عدالتوں اور فوج کو بدنام نہیں ہونے دیں گے۔ ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے۔ ملک پر جب بھی کوئی آفت آئی فوج نے قوم کا ساتھ دیا، ٹڈی دل کا حملہ ہو یا پھر سیلاب ہو ، فوج قوم کے ساتھ کھڑی رہی۔ اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی۔اپوزیشن اداروں پر تنقید کرپشن سے توجہ ہٹانے کیلئے کررہی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں