عوام نے وزیراعظم عمران خان کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب اور ملک سے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی لعنت کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت اپوزیشن کی اے پی سی اور لانگ مارچ سے خوفزدہ نہیں ہے،

وزیراعظم عمران خان دیانت دار اور نڈر لیڈر ہیں، وہ گیدڑ بھبکیوں سے نہیں ڈرتے اور نہ ہی بدعنوان عناصر کے ساتھ احتساب کے معاملے پر کبھی سمجھوتہ کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

منگل 22 ستمبر 2020 00:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام نے وزیراعظم عمران خان کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب اور ملک سے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی لعنت کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اور لانگ مارچ سے خوفزدہ نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان دیانت دار اور نڈر لیڈر ہیں، وہ گیدڑ بھبکیوں سے نہیں ڈرتے اور نہ ہی بدعنوان عناصر کے ساتھ احتساب کے معاملے پر کبھی سمجھوتہ کریں گے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ذات کیلئے نہیں بلکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور اس مقصد میں تمام ادارے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین کے ساتھ موازنہ کرنا درست نہیں ہے، عمران خان دیانت دار اور مخلص لیڈر ہیں اور ان کا کوئی بزنس نہیں ہے جبکہ دوسری جانب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین پر بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں اور انہوں نے قومی خزانے کو لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین کو ملک اور عوام کی کوئی فکر نہیں ہے، جب بھی یہ لوگ اقتدار میں رہے تو انہوں نے عوام کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، دونوں جماعتوں نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کئے، صرف لوٹ مار کر کے ذاتی اثاثے اور بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں جبکہ عوام غربت کا شکار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی ساری کوششیں اپنے قائدین کے خلاف بدعنوانی کیسز کو ختم کرنے کیلئے ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ کسی نہ کسی طرح سے احتساب کا عمل رک جائے اسی لئے قومی اداروں کے خلاف بیان بازی کرتی ہیں، موجودہ حکومت ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے اور وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے حوالے سے صفر برداشت کی پالیسی رکھتے ہیں اور وہ کبھی بھی لٹیروں کو این آر او نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف صحت کا بہانہ بنا کر علاج کیلئے بیرون ملک گئے تھے، انہوں نے جھوٹ بول کر قوم کا مذاق اڑایا، اے پی سی میں تقریر سے وہ قوم کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہو گئے ہیں، انہیں چاہیے کہ وطن واپس آ کر عدالتوں میں اپنے خلاف بدعنوانی کیسز کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی منی لانڈرنگ قانون سازی سے وہی لوگ پریشان ہیں جن کا ماضی داغدار ہو یا جو غلط کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں، موجودہ حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے آئندہ بھی قانون سازی کرتی رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں