دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں ، اہم فیصلہ آج ہوگا

اجلاس میں تعلیمی سرگرمیوں کے گزشتہ فیصلے میں تبدیلی کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 ستمبر 2020 10:44

دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں ، اہم فیصلہ آج ہوگا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2020ء) دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے این سی او سی کا اجلاس آج ہوگا ، ملک میں کورونا کی صورتحال اور تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی سرگرمیوں کے گزشتہ فیصلے میں تبدیلی کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا ، وفاقی وزارت صحت اور صوبائی محکموں کے اعداد و شمار پر مشاورت ہوگی ۔

وزارت تعلیم حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں کھولے گئے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل جاری ہے، دوسرے مرحلے کے تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے تیار ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی ادارے دوبارہ بند کرنے کا جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ تدریسی عمل کوتباہ کر دے گا ، تعلیمی ادارے کھولنے سےمتعلق فیصلہ سوچ بچاراوراحتیاط کےساتھ کیاگیا ، چھ ماہ سےتدریسی عمل کی بندش نے طلبا کوبری طرح متاثرکیا ، کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے وزارتِ صحت کا مشورہ لیں گے ، کیونکہ طلبا کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے 23 ستمبر کوسکول نہ کھولنے کے سندھ حکومت کے فیصلے کی بھی مخالفت کردی ۔ انہوں نے کہا کہ سعید غنی پہلے مشورہ کرلیتے تو اچھا ہوتا ، دوسرے مرحلے میں کلاسز 23 ستمبر سے ہی شروع ہوں گی، شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، 22 ستمبر کو این سی اوسی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔ یاد رہے سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مئوخر کردیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگرصورتحال بہتر رہی تو 28 ستمبر کو مڈل کلاسز کو بلا سکتے ہیں۔ 28 ستمبر میں ابھی وقت ہے، اس حوالے سے مزید سوچ بچار اور غور کریں گے۔ کسی بچے کو وائرس ہوگیا تو وائرس بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ سندھ حکومت صوبے کے بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ گزشتہ چار روز میں مختلف سکولوں کا دورہ کیا لیکن وہاں ایس اوپیز پر عمل نہیں ہورہا۔

کاروباری مراکز میں بھی ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ وفاقی حکومت کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ اب بھی اسکولز میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا۔کل بھی اورنگی ٹاؤن میں 4 اسکولز سیل کیے گئے تھے۔ سکولوں اور کالجوں میں 13 ہزار طلباء کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے ہیں۔88 طلباء میں کورونا مثبت آیا ہے۔اگر محسوس ہوا کہ چیزیں درست سمت میں نہیں جا رہیں تو اسکول بند کرنے میں دیر نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں