نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی

عدالت نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ رنفرنسز میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 ستمبر 2020 11:29

نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 ستمبر ۔2020ء) سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی اپیلوں پر سماعت کریں گے. عدالت نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ رنفرنسز میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں نواز شریف کی عدم پیشی پرعدالت کی جانب سے انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کیے جانے کا امکان ہے.

سابق وزیراعظم نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ عدالت ذاتی حیثیت میں پیشی کا حکم ختم کرکے نمائندے کے ذریعے اپیل میں پیش ہونے کا موقع دے سابق وزیراعظم نواز شریف نے طبی بنیادوں پر طلبی کا حکم واپس لینے کی استدعا بھی کی ہے.

(جاری ہے)

نواز شریف کی جانب سے دائر درخواست کے ساتھ تمام میڈیکل رپورٹس بھی لف کی گئی ہیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے یکم ستمبر کو حکم دیا تھا کہ سابق وزیراعظم العزیزیہ ریفرنس میں عدالت کے سامنے سرنڈر کریں.

عدالت نے وفاقی حکومت کو بھی ہدایت کی تھی کہ10 ستمبر تک نوازشریف کے متعلق تمام ریکارڈ جمع کرایا جائے جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ عدالت ابھی نواز شریف کو مفرور قرار نہیں دے رہی، نواز شریف کو سرنڈر کرنے کا ایک موقع دے رہے ہیں. نواز شریف آئندہ سماعت تک پیش نہیں ہوتے تو مفرور قرار دینے کی کارروائی شروع کریں گے احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو سات سال قید، دس سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے پر فائز ہونے پر پابندی، ان کے نام تمام جائیداد ضبط کرنے اور تقریباً پونے چار ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا.

نوازشریف نے اپنی سزا معطلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی اور یہ استدعا کی کہ اپیل پر فیصلہ ہونے تک طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کیا جائے اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں وزیر اعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی سزا 8 ہفتوں کے لیے معطل کی تھی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں