تعلیمی اداروں میں کورونا کے وار جاری، مزید بچوں میں کورونا کی تصدیق

اب تک پنجاب بھر میں مختلف سکولوں میں 81 طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی،محکمہ صحت نے اعداد و شمار جاری کر دیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 23 ستمبر 2020 16:33

تعلیمی اداروں میں کورونا کے وار جاری، مزید بچوں میں کورونا کی تصدیق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2020ء) تعلیمی اداروں میں کورونا کے وار جاری ہیں۔تعلیمی اداروں میں مزید بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔39 ہزار سے زائد طلباء کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 81 طلبا میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔محکمہ صحت نے اس حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔پنجاب بھر میں سات سو سے زائد سکولوں کے طلبہ کے سیمپل لے گئے تھے۔

لاہور میں دو جبکہ ننکانہ صاحب میں 9 طلبا میں کورونا کی تصدیق ہوئی ۔گجرات میں 12، گجرانوالہ میں 45،ڈی جی خان میں 1،فیصل آباد میں 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔لودھراں، بہاولپور میں ایک ایک طالب علم میں کورونا کی تشخیص ہوئی،جن سکولوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے انہیں بند کر دیا گیا ہے۔۔واضح رہے کہ صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی سکولز آج بروز بدھ کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کئے گئے لاک ڈائون کے باعث مذکورہ سکول چھ ماہ کے عرصے تک بند رہنے کے بعد اپنے شیڈول اور کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی یقین دہانی پر کھولے گئے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سکول کھلنے پر نجی سکولوں میں 7 لاکھ اور سرکاری سکولوں میں 14 لاکھ بچے سکول جائیں گے۔ آج کھلنے والے سکولوں میں کلاس چھٹی سے کلاس آٹھویں تک کے بچوں کو طلب کیا گیا ہے جبکہ پنجاب بھر کے پرائمری سرکاری اور نجی سکولز اپنے شیڈول کے مطابق 30 ستمبر کو کھولیں جائیں گے۔

کھلنے والے سکولوں کی تعداد 1 لاکھ 20ہزار بتائی گئی ہے۔گذشتہ روز تمام صوبوں نے فیصلہ کیا کہ پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کل سے چھٹی تا آٹھویں کلاسز شروع کردی جائیں گی۔سندھ نے فیصلہ کیا کہ وہ ابھی دوسرے مرحلے میں سکول نہیں کھولیں گے، بلکہ ایک ہفتہ مزید نظرثانی کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں