وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری کا سعودی نائب وزیر عبداللہ بن نصیر ابو السانی سے ویڈیو لنک رابطہ

سعودی عرب جانیوالے مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں مشکلات، محدود پروازوں کی وجہ سے ایئر لائنز میں نشستوں کی عدم دستیابی اور کرایوں میں اضافہ جیسے معاملات اٹھائے

بدھ 23 ستمبر 2020 20:53

وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری کا سعودی نائب وزیر عبداللہ بن نصیر ابو السانی سے ویڈیو لنک رابطہ
اسلام آباد۔ 23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے بدھ کو سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل عبداللہ بن نصیر ابو السانی سے ویڈیو لنک رابطہ کیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے سعودی عرب جانیوالے مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں مشکلات، محدود پروازوں کی وجہ سے ایئر لائنز میں نشستوں کی عدم دستیابی اور کرایوں میں اضافہ جیسے معاملات اٹھائے۔

انہوں نے ویزا کی میعاد کی تاریخ 30 اکتوبر 2020ء تک بڑھانے، ایئر لائنز کو مزید فلائٹس کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہوا ہے، کام کرنے والے کارکنوں کا بہت دباؤ ہے جو واپس سعودی عرب جانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

زلفی بخاری نے کہا کہ پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے سعودیہ میں کام کرنے والے چٹھی پر آے پاکستانی پھنس چکے ہیں، سعودی ایئر کیریئر اور پی آئی اے دونوں کی پروازوں میں اضافہ کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اقامے کی مدت میں کم ازکم ایک ماہ کی توسیع کی جائے، سعودیہ میں ملازمت میں تبدیلی کرنے کے عمل کو بھی آسان بنانا مفید ہوگا۔ اس موقع پر سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل عبدللہ بن نصیر ابو السانی نے ہفتہ وار مشترکہ وزارتی اجلاس میں پروازوں اور اقاموں کا معاملہ اٹھانے کا وعدہ کیا۔ سعودی وزیر نے کہا کہ سعودی وزارت تجارت، داخلہ اور انسانی وسائل کی آیندہ مشترکہ کمیٹی میں معاملہ پیش کریں گے، 25 فیصد نشستیں خالی چھوڑنے کی وجہ سے بھی پروازوں پر بوجھ ہے۔

اس پالیسی پر نظرثانی کر رہے ہیں، جلد تمام نشستوں پر مسافروں کو آنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کا جائزہ لے کر اقاموں کی میعاد کو بڑھانے کا فیصلہ بھی اجلاس میں پیش کریں گے۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے سعودی نائب وزیر کو سعودی قومی دن کی بھی مبارکباد بھی دی جس کا سعودی وزیر نے اظہار خیر مقدم کیا۔ سعودی وزیر نے کہا کہ اگلے ماہ پاکستان کو لیبر لاء میں ترمیم کی ایک بڑی خوشخبری دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں