پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے دو ملاقاتیں کیں،

ملاقاتیں ان کی درخواست پر ہوئیں، یہ دونوں ملاقاتیں نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق تھیں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخارکی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 23 ستمبر 2020 23:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے (ن) لیگ کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے دو ملاقاتیں کیں، یہ ملاقاتیں ان کی درخواست پر ہوئیں، یہ دونوں ملاقاتیں نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق تھیں۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل افتخار بابر نے کہا کہ کووڈ ۔19 کی وجہ سے انسداد پولیو مہم 15مارچ سے تعطل کا شکار تھی جو 20 جولائی سے دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں 130 اضلاع میں تقریباً 32 ملین بچوں کو ویکسین دی گئی۔ 31 ستمبر سے ملک بھر میں شروع ہونے والی مہم میں 40ملین بچوںکو ویکسین دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کے 2021 کے آخرتک پاکستان کو پولیو فری کرنا ہے۔ آرمی چیف نے اسی سلسلہ میں بدھ کو انسداد پولیو مہم میں شرکت کی ۔ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بل گیٹس نے بھی گزشتہ دنوں آرمی چیف سے بات چیت کی اور پاکستان کی انسداد پولیومہم کی تعریف کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری تیاری بنیادی طور پر بھارتی صلاحیت کے مطابق ہے ، جو صلاحیت ہمارے سامنے موجود ہے ہم اپنے آپ کو اس کے مطابق تیار کررہے ہیں اور الحمد اللہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

اسی سلسلہ میں چیف آف آرمی سٹاف نے کل ایک نئے ٹینک وی ٹی 4کا مظاہرہ بھی دیکھا، اس سے قبل ملک کے تیارکردہ ٹینک الخالد 1کوبھی فوج میںشامل کیا گیا تھا جو جدید ترین ٹینکوں میں شامل ہے ۔انکو ہماری سٹرائیک فارمیشن میں شامل کیا جارہا ہے۔ میجر جنرل بابر افتخارنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی آرمی چیف سے پہلی ملاقات اگست کے آخری ہفتے میں ہوئی جبکہ دوسری ملاقات 7 ستمبر کو ہوئی۔

اس ملاقاتوں کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار نے واضح انداز میں کہا کہ سیاسی مسائل پارلیمنٹ میں حل ہوں گے جبکہ نواز شریف کے قانونی مسائل عدالتوں میں حل ہوں گے، ان معاملات سے پاک فوج کو دور رکھا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں