وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہائوسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس

سی ڈی اے نے دو نیلامیوں میں55ارب روپے اکٹھے کیے جو وفاقی دارالحکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے بروے کار لائے جائیں گے،جڑواں شہروں کے رہائشیوں کیلئے غازی بروتھا سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے،روات بھارہ کہو رنگ روڈ تعمیر کے منصوبہ زیرغور ہے ، چیئرمین سی ڈی کے بریفنگ وزیرِ اعظم کاحکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے بہتر معاہدے پر اطمینان کا اظہار ، حکومت شفاف معاہدو ں اور عوام کی ایک ایک پائی کا مناسب استعمال یقینی بنانے کے حوالے سے پر عزم ہے، عمران خان

جمعرات 24 ستمبر 2020 22:49

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہائوسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، معاون خصوصی ملک امین اسلم، گورنر سندھ عمران اسمعیل، معاونین خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر، چیئر مین نیا پاکستان ہاسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل(ر)انور علی حیدر، و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ، چیف سیکرٹری صاحبان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔

چیئر مین سی ڈی اے نے وزیرِ اعظم کو وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں، گذشتہ دو نیلامیوں،اسلام آباد کے ماسٹر پلان کو از سر نو مرتب کرنے کے حوالے سے پیش رفت اور تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات بشمول سی ڈی اے کی آٹومیشن سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

چیئر مین سی ڈی اے نے بتایا کہ گذشتہ دو نیلامیوں (جولائی اور ستمبر) میں سی ڈی اے نے 55ارب روپے اکٹھے کیے ہیں جو کہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے برے کار لائے جائیں گے۔

مکمل شدہ منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ پارک انکلیو بریج، برما بریج، جی سیون جی ایٹ انڈر پاس منصوبہ اور پیدل چلنے والوں کے لئے مختلف بریج اور کیپیٹل ہسپتال میں اضافی بلاک تعمیر کرنے کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی صاف پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے غازی بروتھا سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ روات بھارہ کہو رنگ روڈ تعمیر کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں گرین ایریاز کے تحفظ کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے بتایا کہ 3.8ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے انیس منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 4.2ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے منصوبوں کی منظوری کا عمل زیر غور ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ 7.49ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 12.07ملین مربع فٹ کی تعمیرات کے منصوبوں کی منظوریوں کا عمل زیر غور ہے جسے مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائیگا۔

لاہور میٹرو منصوبے کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ دورِ حکومت میں میٹرو کامعاہدہ 364روپے فی کلومیٹر کے حساب سے کیا گیا جبکہ موجودہ دور میں جبکہ ڈالر کی قیمت بھی بڑھی ہے یہ معاہدہ 304روپے فی کلومیٹر کے حساب سے کیا گیا ہے۔ اس طرح فی کلومیٹر ساٹھ روپے بچت کی گئی ہے جس کے نتیجے میں آٹھ ارب روپے بچت ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے بہتر معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجود حکومت شفاف معاہدو ں اور عوام کی ایک ایک پائی کا مناسب استعمال یقینی بنانے کے حوالے سے پر عزم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں