سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت خدمات کا اجلاس

پمز، پولی کلینک، این آئی آر ایم، ڈریپ، دیگر ذیلی اداروں میں جونیئر افسران کی اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی پر غور

جمعہ 25 ستمبر 2020 15:46

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت خدمات کا اجلاس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت خدمات کا اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر خوش بخت شجاعت کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔قائمہ کمیٹی نے سردار محمد شفیق ترین کی جانب سے ایوان میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے مسئلے پرجس کا تعلق پمز، فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہسپتال، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن اسلام آباد اور ڈریپ کے علاوہ دیگر ذیلی اداروں میں جونیئر افسران کی اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی اور انتظامی امور چلانے سے تھا پر تفصیلی غور کیا۔

سینیٹر سردار محمد شفیق ترین نے کہاکہ جونیئر افسران سالہا سال سے اہم عہدوں پر تعینات ہیں جبکہ ایک بہت بڑی تعداد ڈیپو ٹیشن پر تعینات افسران کی ہے جو کہ تعیناتی کی مدت بھی پوری کر چکے ہیں اور خلاف ضابطہ آج تک ان عہدوں پر براجمان ہیں۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے شعبے کے انتظامی امور چلانے کیلئے انتہائی قابل اور مستعد افرادی قوت درکار ہوتی ہے جن کو انتظامی امور پر عبور حاصل ہو جبکہ ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ امور کی بجائے انتظامی امور پر تعیناتی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اراکین نے اس مسئلے کا مناسب حل نکالنے پر زور دیا۔ وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ وزارت کی39 ذیلی ادارے ہیں اور ایک بہت بڑی تعداد عارضی طور پر تعینات کیے گئے افسران کی ہے جن کے پاس اضافی چارج کے طور پر ذمہ داریاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس تمام تر صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مناسب اقدامات زیر غور ہیں اور عنقریب ان پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

قائمہ کمیٹی نے اعلیٰ عہدوں پر تعینات جونیئر افسران کو تبدیل کرنے کیلئے مخصوص وقت دینے کا مطالبہ کیا۔ جس پر متعلقہ مشیر نے ایک ایسی فہرست پیش کرنے کی آمادگی ظاہر کی جس میں ہر ایک افسر کے سامنے اس کے معاملے کو نمٹانے کی تاریخ درج ہو گی۔قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن نے کہا کہ شفاف عمل کے ذریعے معاملات کو چلانے کی ضرورت ہے اور قابل لوگوں کو سامنے لایا جائے تاکہ حالات بہتر ہوں اور عوام کو ریلیف ملے۔کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز ڈاکٹر اسد اشرف، ڈاکٹر اشوک کمار، ڈاکٹر سکندر مندھرو، ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی، لیاقت خان ترکئی،ثنا جمالی، سردار محمد شفیق ترین، وزیراعظم کے مشیر برائے صحت فیصل سلطان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں