ملک میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے کوچز اور آفیشلز اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

کھیلیں اخوت بھائی چارے اور ڈسپلن کا درس دیتی ہیں اور ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے قول پر عمل کرتے ہوئے ڈسپلن، اتحاد اور وفاداری کا خاص خیال رکھنا چاہئے، وفاقی وزیر

جمعہ 25 ستمبر 2020 16:12

ملک میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے کوچز اور آفیشلز اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے کوچز اور آفیشلز اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے جناح ہال میں سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے اتھلیٹکس فٹنس اور گرومنگ کے حوالے سے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ کے صدر ریئر ایڈمرل معظم الیاس اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل غلام شبیر انجم اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (اکیڈمک اینڈ سہولیات) شاہد اسلام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلیں اخوت بھائی چارے اور ڈسپلن کا درس دیتی ہیں اور ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے قول پر عمل کرتے ہوئے ڈسپلن، اتحاد اور وفاداری کا خاص خیال رکھنا چاہئے، انہوں نے کورس کے کامیاب انعقاد پر سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ کے صدر رئیر ایڈمرل معظم الیاس، سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل غلام شبیر انجم اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے آفیشلز اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے کورس ملک کے دوسرے مقامات پر بھی منعقد ہونے چاہئیں اور پاکستان سپورٹس بورڈ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ان کو سہولیات فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

ایسے کورسز بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور کھلاڑیوں کو خوراک، فٹنس اور مضر صحت ادویات( انٹی ڈوپنگ) کے حوالے سے آگاہی فراہم ہوتی ہے، وفاقی وزیر نے کہاکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور ہمیں اپنے دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے محدود وسائل میں رہتے ہوئے توجہ دینی چاہئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے میڈیا کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ یونین کونسل اور دیہاتی سطح پر کھیلوں کے گرائونڈ بنانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں صوبائی حکومتوں سے بھی بات کر چکی ہے کورس میں ملک بھر سے 77 شرکائ نے حصہ لیا۔

جن میں تینوں فورسز سمیت پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے کوچز اور آفیشلز شامل تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں