مسلم لیگ (ن) کاگلگت بلتستان پر پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ،

سابق وزیر دفاع اور رکن کشمیر کمیٹی انجینئر خرم دستگیر خان کا چیئرمین کشمیر کمیٹی کے نام خط

جمعہ 25 ستمبر 2020 16:20

مسلم لیگ (ن)  کاگلگت بلتستان پر پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان کے معاملہ پر پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو ٹھیس پہنچے گی۔ جمعہ کو سابق وزیر دفاع اور رکن کشمیر کمیٹی انجینئر خرم دستگیر خان نے چیئرمین کشمیر کمیٹی کے نام لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ گلگت بلتستان میں ان خبروں سے بے چینی اور شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔

وزیر امور کشمیر نے بھی ایک اخباری بیان میں گلگت بلتستان کو پانچواں آئینی صوبہ بنانے کا عندیہ دیا ہے اس معاملہ پر سخت ترین تحفظات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنانے سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ٹھیس پہنچے گی کیونکہ یہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں قراردادوں پر قائم ہے۔

(جاری ہے)

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس بلا یا جائے جس میں وزارت امور کشمیر اور وزارت خارجہ کے افسران اور آزاد تجزیہ کار ان معاملات پر تفصیلی بریفنگ دیں۔ کمیٹی کو گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بدلنے کے ان مضمرات سے بھی آگاہ کیا جائے جو کہ لداخ میں چین اور ہندوستان کے عسکری تناؤ سے پیدا ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں