پاکستان قدرتی مناظر کے حوالے سے عظیم تاریخ کا حامل ملک ہے،

پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کی لاتعداد استعداد موجود ہے، سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات کے تحت دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے وزیراعظم عمران خان کاعالمی یوم سیاحت پر پیغام

ہفتہ 26 ستمبر 2020 22:45

پاکستان قدرتی مناظر کے حوالے سے عظیم تاریخ کا حامل ملک ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدیم ترین ثقافتوں اور تاریخی مقامات رکھنے والے ملک کے طور پر آج عالمی یوم سیاحت منا رہا ہے، (آج) 27 ستمبر کو دنیا بھر سیاحت کا عالمی دن ’’سیاحت اور دیہی ترقی‘‘ کے موضوع پر منایا جا رہا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ کے عالمی سیاحت کے ادارے کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک میں منایا جاتا ہے، پاکستان نے عالمی دن کو پورے جوش و جذبے سے منانے کے لئے ہمیشہ عالمی برادری کا ساتھ دیا ہے۔

عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ رواں سال اس دن کا موضوع سیاحت اور دیہی ترقی منتخب کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ دیہی علاقوں کی معاشی ترقی کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے جہاں پر اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاحت نہ صرف دیہی آبادیوںکو روزگار کی فراہمی اور تجارت کے فروغ کے ذریعے بااختیار بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے بلکہ اس سے ان کو اپنی ثقافت اور تاریخی ورثے کے تحفظ میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدیم ثقافت اور تاریخ کو محفوظ بنا کر لوگوں کو ثقافتی اور علاقائی روایات سے روشناس کرانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تعلیم، سرمایہ کاری، جدت، ٹیکنالوجی اور روزگار کی دستیابی کو یقینی بنا کر سیاحت کی پالیسیوں میں دیہی ترقی کو شامل کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف لاکھوں لوگوں کی زندگیوں اور آمدنی میں بہتری لائی جا سکتی ہے لیکن اس سے ثقافت اور ماحولیات کو محفوظ بنانے میں بھی مدد کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہاڑوں سے لے کر سمندروں تک متنوع قدرتی مناظر ہیں اور پاکستان قدرتی مناظر کے حوالے سے عظیم تاریخ کا حامل ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کی لاتعداد استعداد موجود ہے جس کا ابھی تک دنیا کو علم نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے پاکستان کی حکومت کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات کے تحت دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ملک کے دیہی علاقوں میں سیاحوں کے لئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جس سے مقامی آبادی کے معاشی اور سماجی معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے ادارے کی بحالی اور اصلاحات کے ذریعے اپنے ملازمین کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے تاکہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک بہترین سیاحتی مقام بنایا جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی برادری کی معلومات کے لئے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام دنیا بھر سے خوبصورت پہاڑوں، وسیع صحرائوں، قدرتی دریائوں، جنگلوں اور ساحلی علاقوں کی خوبصورتی کا نظارہ کرنے کے لئے سیاحوں کی آمد کے منتظر ہیں اور ان کے لئے بہترین میزبانی کی خواہش رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں