وزیراعظم عمران خان نے قانون سازی کے معاملات کے لئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی

ہفتہ 26 ستمبر 2020 23:05

وزیراعظم عمران خان نے قانون سازی کے معاملات کے لئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے قانون سازی کے معاملات کے لئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم قانون سازی کے مسائل کے خاتمہ کے حوالے سے قائم کابینہ کی کمیٹی (سی سی ایل سی) کے چیئرمین ہوں گے۔ کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن پر مشتمل پریس ریلیز کے مطابق انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں ایم مزاری، انسداد منشیات کے وفاقی وزیر محمد اعظم سواتی، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری، خصوصی دعوت پر متعلقہ وفاقی وزیر، وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان، وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر، اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکرٹری قانون و انصاف ڈویژن، وزیراعظم آفس کے جوائنٹ سیکرٹری اور سیکرٹری کابینہ کو کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کابینہ نے اپنے آٹھ ستمبر کے اجلاس کے دوران کابینہ کی کمیٹی کا مینڈیٹ بڑھانے کی تجویز کر منظور کیا تھا تاکہ قانون سازی کے مسائل کو ختم کیا جا سکے۔ کابینہ کی کمیٹی کے لئے مرتب کردہ ٹی او آرز کے تحت کمیٹی موجودہ قوانین میں ترامیم اور نئے قوانین کا جائزہ لے گی تاکہ وہ کسی اور قانون سے متصادم نہ ہو اور پارلیمان کے دائرہ اختیار میں آتا ہو۔

مزید برآں کمیٹی نئی قانون سازی اور پہلے قوانین میں ترامیم کے حوالے سے تجاویز مرتب کرے گی۔ سی سی ایل سی کی جانب سے کسی بھی ڈویژن کی جانب سے بھیجی گئی تجویز میں ترمیم کے بعد اگر متعلقہ ڈویژن سی سی ایل سی کے اجلاس میں اس پر اتفاق کر لے گی تو یہ تجویز منظوری کے لئے کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی اور اگر کسی بھی تجویز پر ترمیم کے حوالے سے متعلقہ ڈویژن اور سی سی ایل سی میں اتفاق رائے نہ ہوا تو دونوں فریقین کا نکتہ نظر فیصلہ کے لئے کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کابینہ ڈویژن سی سی ایل سی کو معاونت فراہم کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں