وزیر اعظم نے پوری دنیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ، مراد سعید

ہمیں ایمان دار رہنما ملا ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسلام کا مقدمہ لڑ رہا ہے،وفاقی وزیر

ہفتہ 26 ستمبر 2020 23:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پوری دنیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کیا، عمران خان نہ صرف عالم اسلام کے ترجمان بلکہ عالمی رہنما کے طور پر سامنے آئے۔اپنے بیان میں مراد سعید نے کہا کہ ہمیں ایمان دار رہنما ملا ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسلام کا مقدمہ لڑ رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب سے قبل ہی بھارتی نمائندوں نے راہ فرار اختیار کر کے شکست تسلیم کی۔

انھوں نے کہا کہ پہلے قیادت پاناما، اقامہ اور جعلی اکاؤنٹس والوں کے پاس تھی، پہلے ہاتھ میں پرچی، جھکے سر اور ڈو مور پر جی حضور کہنے والے تھے، پہلے مودی کو گھر بلاتے تھے، جندال کی دعوتیں ہوتی تھیں، کھٹمنڈو میں خفیہ ملاقاتیں تھیں جو کلبھوشن کا نام لینے کے قابل نہیں تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کرپشن سے بھرپور زرداری لیگ ڈرون حملوں پر خاموش تھی، زرداری لیگ آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے مزید ڈرونز کا مطالبہ کرتی تھی، کہتی تھی مزید ڈرون گراتے رہو ہم سنبھال لیں گے، کرپٹ قیادت کی وجہ سے ملک دہشت گردی کا شکار تھا، لیکن آج پاکستان ٹیرر ازم سے نہیں ٹورزم سے پہچانا جانے لگا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ آج دنیا ڈو مور کا مطالبہ نہیں کرتی بلکہ افغانستان میں مدد کی درخواست کرتی ہے، عمران خان کو کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا، آج دنیا میں پاکستان، اسلام کا اصل بیانیہ سامنے آ گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلمانوں کو آج مضبوط آواز مل گئی ہے جو اقوام عالم میں گونج رہی ہے، پورا عالم اسلام آج شکریہ عمران خان کہہ اٹھا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں