افغان حکومت اور طالبان جنگ کے خاتمے کے فیصلے تک پہنچ گئے ، عمران خان

ہوسکتا ہے انٹرا افغان مذاکرات اور بھی مشکل ہوں لیکن اس کیلئے صبر کی ضرورت ہوگی ، وزیراعظم کا واشنگٹن پوسٹ کیلئے لکھے گئے مضمون میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 ستمبر 2020 10:46

افغان حکومت اور طالبان جنگ کے خاتمے کے فیصلے تک پہنچ گئے ، عمران خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان جنگ کے خاتمے کے فیصلے تک پہنچ چکے ہیں ، ہوسکتا ہے انٹرا افغان مذاکرات اور بھی مشکل ہوں لیکن اس کیلئے صبر کی ضرورت ہوگی۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کیلئے لکھے گئے اپنے مضمون میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دوحہ میں جاری طالبان ، افغان مذاکرات سےجنگ کا خاتمہ ہوگا کیونکہ افغان حکومت اور طالبان جنگ کے خاتمے کے فیصلے تک پہنچ چکے ہیں ، پاکستان کی یہ سوچ ہے کہ امن مذاکرات جبر کے ساتھ نہیں کئے جانے چاہیں ، ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تشدد کو کم کریں ، کیونکہ افغانستان میں عدم استحکام کی سب سے زیادہ قیمت پاکستان نے ادا کی ہے ، کئی دہائیوں کے تنازع کے دوران پاکستان نے چالیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اٹھا رکھی ہے اورپاکستان خودمختار افغانستان کی جدوجہد میں افغان عوام کی حمایت کی جاری رکھے گا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ 2018ء میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں استحکام کیلئے جب ہمیں خط لکھا تو ہم نے بھرپور مدد کی یقین دہانی کرائی ، کیوں کہ افغانستان میں امن ممکن ہے ، افغان اور خطے کیلئےامید کا سنہری موقع ہے لیکن افغانستان سے جلد بازی میں غیرملکی افواج کاانخلاغیردانشمندانہ ہوگا۔ واضح رہے کہ افغان امن مذاکرات سے چند روز قبل بھی وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان نے بے انتہا کوششوں کے ذریعے افغان امن عمل کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ، مشترکہ کوششوں سے وہ دن آگیا جس کا افغان عوام کو انتظار تھا ، 40 سال سے افغان عوام تنازعات اور خون ریزی سے دوچار تھی ، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جانی ومالی نقصان اٹھایا ، شروع دن سے میرا یہی موقف تھا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ، اس کا واحد حل مذاکرات اور سیاسی طریقہ کار ہی تھا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بے انتہا کوششوں کے ذریعے افغان امن عمل کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ خطے میں امن کیلئے افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی ناگزیر ہے ، امید ہے فریقین اپنے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں گے اور مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے ثابت قدم رہیں گے ، اس کا واحد حل مذاکرات اور سیاسی طریقہ کار ہی تھا ، امن و ترقی کے سفر میں پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا ، آج ہم اپنی ذمہ داری پوری کرنے پر اطمینان محسوس کرتے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ افغان رہنماؤں کی ذمہ داری ہےکہ وہ تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں اور مل کر سیاسی تصفیہ کیلئے مثبت انداز میں کام کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں