حکومت مخالف تحریک ، اپوزیشن کا 7 اکتوبر کو پہلا جلسہ کرنے پر غور

محمود اچکزئی نے کوئٹہ میں جلسے کی تجویز دی ، حتمی اعلان تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کرکیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 ستمبر 2020 14:40

حکومت مخالف تحریک ، اپوزیشن کا 7 اکتوبر کو پہلا جلسہ کرنے  پر غور
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2020ء) حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کی طرف سے تشکیل دیے گئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے پہلا جلسہ 7 اکتوبر کو کوئٹہ میں رکھنے پرغور شروع کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والی پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی طرف سے7 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ کرنے کی تجویز دی گئی ، تاہم جلسے کے لیے کی جانے والی تیاری کی وجہ سے ایک دو دن کی تاخیر کی جا سکتی ہے ، جبکہ جلسے کی حتمی تاریخ اور مقام کا اعلان تمام جماعتوں کو اعتماد میں لےکرکیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں نے نئے اتحاد کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا نام دیا ، اپوزیشن اتحاد نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست میں فوری مداخلت بند کرے ، آٹے چینی ، گیس ، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری کم کی جائیں، سلیکٹڈ حکومت سقوط کشمیر کی ذمہ دار ہے ، صدارتی نظام رائج کرنے کے مذموم اداروں کو مسترد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن نے اے پی سی کا 4 صفحات پر مشتمل اعلامیہ جاری کیا ، سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے اعلامیہ پڑھ کرسنایا ، اعلامیہ میں کہا گیا کہ کل جماعتی کانفرنس کی قرارداد میں کہا گیا کہ نئے اتحاد کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نام دیا گیا ہے ، یہ اتحادی ڈھانچہ ملک گیر تحریک کو لے کرچلے گا ، ملک میں آزادانہ شفاف انتخابات کا انعقاد کیا جائے ، انتخابات کیلئے فوری اصلاحات کی جائیں ، ان اصلاحات میں مسلح ایجنسیوں کا کوئی عمل دخل نہ ہو، یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ آٹا چینی ، گیس ، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری کم کی جائیں ، موجودہ حکومت کو مصنوعی استحکام اس اسٹیبلشمنٹ نے بخشا ہے جس نے الیکشن میں دھاندلی کے عوام پر مسلط کیا ، ملک میں صدارتی نظام رائج کرنے کے مذموم ارادوں کو مسترد کیا جاتا ہے ، کیونکہ وفاقی پارلیمانی جمہوریت کو پاکستان کا تحفظ سمجھتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں