شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس مسترد کردیا

تحریک انصاف کی حکومت حساس قومی معاملات کو سیاست کی نذر کرنا چاہتی ہے ، قائد حزب اختلاف

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 ستمبر 2020 15:45

شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس مسترد کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2020ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخابی اصلاحات کے لیے بلائے گئے اجلاس کو مسترد کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کرے ، گلگت بلتستان حساس قومی معاملہ اور کشمیر کاز سے جڑا ہے ، موجودہ حکومت اسے اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے ، اور گلگت بلتستان میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کے عمل میں رکاوٹ نہ بنے ، اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کرے ۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نے قومی مفاد میں اپوزیشن کے ہر تعاون کو ٹھوکر ماری اور اپنی سیاسی ڈرامہ بازی کے لیے استعمال کیا ، حکومتی فسطائی اور آمرانہ رویے کو دیکھتے ہوئے کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت حساس قومی معاملات کو سیاست کی نذر کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

 دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے گلگت بلتستان الیکشن سے متعلق تجاویز کیلئے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق ان کی جماعت گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔ مسلم لیگ ن کے بعد جے یو آئی ف نے بھی گلگت بلتستان انتخابات میں تجاویز کیلئے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے ۔ اس حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور وفاقی وزراء کا گلگت بلتستان میں انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ، گلگت بلتستان کے انتخابات میں وفاقی حکومت کی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں۔خیال رہے کہ اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمانی رہنماؤں سے تجاویز کے لیے 28 ستمبر کو اجلاس پیر کو طلب کر رکھا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں