شہبازشریف کی گرفتاری:نون لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا

نوازشریف کے پارٹی راہنماﺅں سے رابطے‘مریم نواز کو احتجاجی تحریک میں اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 ستمبر 2020 15:50

شہبازشریف کی گرفتاری:نون لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 ستمبر ۔2020ء) پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی گرفتاری پر سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی کے متعدد راہنماﺅں سے رابطہ کر کے ہنگامی آن لائن اجلاس آج طلب کر لیا ہے. ذرائع کے مطابق اجلاس میں نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو احتجاجی تحریک سے متعلق اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں گرفتار کیا.

(جاری ہے)

نیب کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو کمرہ عدالت سے حراست میں لیا اور انہیں لے کر نیب لاہور آفس پہنچ گئی اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ اڑھائی سو سال لگ جائیں گے مگر میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں کی جا سکے گی. ان کا کہنا تھا کہ دن رات محنت کر کے پنجاب کے عوام کی خدمت کی بے نامی اثاثوں کا الزام بے بنیاد ہے شہباز شریف نے کہا کہ پروکیورمنٹ میں پاکستان کے ایک ہزار ارب روپے بچائے، اورنج لائن میں ہم نے بولی لگوائی حالانکہ قانون اجازت نہیں دیتا تھا.

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ میرا ضمیر مجھے مجبور کر رہا تھا اس لیے ہم نے اورنج لائن میں 600 ملین روپے بچائے ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا ہے کہ میرے بے نامی اثاثے ہیں اختیارات سے تجاوز کیا ہوتا تو مجھے پھر اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے تھی میرے بچوں اور عزیزوں کی شوگر ملز کو نقصان ہوا. انہوں نے کہا کہ میرے والد نے 18 ماہ میں 6 فیکٹریاں لگائیں شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل مکمل کر لیے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی.

قبل ازیں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے گزشتہ سماعت پر شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع کی گئی تھی. نیب لاہور کی جانب سے شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی گئی نیب کے مطابق شہباز شریف نے متعدد بے نامی اکاﺅنٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں