اپوزیشن جماعتوں کو گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے،

یہ لوگ صرف ذاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، موجودہ حکومت گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلائے گی ، ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھیں گے، اپوزیشن حمایت کرے یا نہ کرے موجودہ حکومت اصلاحات لائے گی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو

پیر 28 ستمبر 2020 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، یہ لوگ صرف ذاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، موجودہ حکومت گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلائے گی اور ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھیں گے، اپوزیشن جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ وہ قومی مفاد کے حوالے سے کسی ایشو پر حکومت کے ساتھ اتفاق رائے پیدا نہیں کریں گی، اپوزیشن کے موقف پر افسوس ہوا ہے، اپوزیشن کی تمام تر توجہ لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کا تحفظ کرنے پر مرکوز ہے، اپوزیشن حمایت کرے یا نہ کرے موجودہ حکومت اصلاحات لائے گی۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرمنلز کیسز کی تحقیقات اور لوگوں کی انصاف تک تیزی سے رسائی کو یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہیے، اس ٹیکنالوجی سے انصاف کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور کرمنلز کیسز کی شفاف تحقیقات میں مدد ملے گی، پولیس کی کارکردگی اور خدمت کی فراہمی کے طریقہ کار کی بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے، ہم جدید دور میں داخل ہو چکے ہیں اسلئے کرمنلز کیسز کی تحقیقات کیلئے پولیس کے محکمہ اور عدالتوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے جوڈیشل سسٹم کو مکمل طور پر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا چاہتی ہے، ہمیں اس معاملے کو ترجیح دینی چاہیے، اس سے وقت اور پیسے بچانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے نظام میں سب سے اہم اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں، ان کی انصاف تک رسائی بڑا چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے پولیس سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بنیادی طور پر تھانہ کلچر میں ٹیکنالوجی اور اصلاحات کے ذریعے انصاف میں جدت لانا چاہتی ہے، عدالتوں اور پولیس کے محکموں میں فوری طور پر جدید اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تحقیقات کے طریقہ کار میں ہمیں جدید الیکٹرونک ڈیوائسز کا استعمال کرنا چاہیے۔ موٹروے واقعہ سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ پولیس کے فرسودہ نظام کو بہتر بنانے کیلئے نیا قانون اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے حوالے سے کام کر رہی ہے، حکومت کرمنلز کیسز میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین صرف اپنے بدعنوانی کیسز پر توجہ دے رہے ہیں، نیب کی طرف سے اپوزیشن جماعتوں کے بدعنوان قائدین کے خلاف احتساب کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے اسلئے وہ حکومت کو بلیک میلنگ کی کوشش کر رہی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں