پاکستان نے افغان امن عمل میں سہولت کاری میں اہم کردار ادا کیا ہے، افغانستان کبھی بھی کسی دہشت گرد تنظیم کو اپنی سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،

افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب

منگل 29 ستمبر 2020 14:39

پاکستان نے افغان امن عمل میں سہولت کاری میں اہم کردار ادا کیا ہے، افغانستان کبھی بھی کسی دہشت گرد تنظیم کو اپنی سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) افغانستان کی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں سہولت کاری میں اہم کردار ادا کیا ہے، افغانستان کبھی بھی کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اپنی سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ منگل کو انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں نے مختلف دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے تخریبی سرگرمیوں کا سامنا کرکے بھاری قیمت ادا کی ہے، ہمیں ایسے عناصر کے خلاف تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔

عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ ان کا ملک کسی کو بھی اپنی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف تخریبی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

(جاری ہے)

افغان اعلیٰ سطحی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کا آغاز ایک اہم موقع ہے اور طویل جنگ کے خاتمے کی روشن امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو صبر کرنے اور سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار رہنے کی تلقین کی ہے۔

عبد اللہ عبد اللہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو مشترکہ خطرات اور چیلنجوں کا سامنا ہے جن میں دہشت گردی ، انتہا پسندی ، عدم رواداری اور حالیہ کوویڈ 19 کی وبا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سیکیورٹی، سیاسی اور معاشی شعبوں میں باہمی تعاون کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان نئے دور کا آغاز کرنا ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، افغانستان ، پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغانستان میں امن سے پاکستان میں امن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں آزادانہ تجارت کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے پرامن اور خوشحال بقائے باہمی کے لئے باہمی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ عبداللہ عبد اللہ نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں