گیس شارٹ فال کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے اقدامات شروع کردیے

سوئی سدرن گیس کمپنی نے وفاق کی ہدایت پر گیس شارٹ فال کم کرنے کے لیے آرایل این جی کی فراہمی شروع کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 ستمبر 2020 15:01

گیس شارٹ فال کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے اقدامات شروع کردیے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2020ء) وفاقی حکومت کی طرف سے گیس شارٹ فال کم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے وفاقی حکومت کی ہدایت پر گیس شارٹ فال کم کرنے کے لیے آرایل این جی کی فراہمی شروع کردی ، جس کے لیے 100 ایم ایم سی ایف ڈی آر ایل این جی سوئی گیس سسٹم میں شامل کردی گئی ہے ، ایل این جی گیس سسٹم میں شامل ہونے سے لائن پیک کی صورتحال بہترہوئی ، جبکہ ادارے کی طرف سے وفاقی حکومت کی ہدایت پرگیس شارٹ فال کم کرنے کیلئے آرایل این جی فراہم کی جارہی ہے۔

ترجمان ایس ایس سی جی کے مطابق بحرانی حالات کے باوجود کے الیکٹرک کو گیس بحال رکھی گئی ، جس کے تحت کے الیکڑک کو 190 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے ، جس کی وجہ سے گیس شارٹ فال 150 سے کم ہوکر 100 ایم ایم سی ایف ڈی پر آگیا ۔

(جاری ہے)

ایس ایس جی سی کے مطابق سنجھورو، سجاول اور زرگون سالانہ مرمت کیلے 15 روز کیلے بند تھی ، گیس فیلڈ سے گیس کی ترسیل مکمل طور پربند ہوگئی تھی ، فنی خرابی کی سبب بند ہونے والی 3 گیس فیلڈز بحال ہوچکی ہیں ، جس کے بعد ان فیلڈز سے اب گیس کی فراہمی بحال ہونا شروع ہوچکی ہے ۔

دوسری طرف پیٹرولیم ڈویژن نے موسم سرما کے دوران ملک بھر میں گیس بحران کا خدشہ ظاہر کردیا ۔ حکام پٹرولیم ڈویژن کے مطابق موسم سرما میں گیس شارٹ فال 3 ارب مکعب فٹ سے زائد رہنے کا خدشہ ہے ، حکومت کی طرف سے گیس کی طلب پوری کرنے کیلئے فوری اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں جس کیلئے اضافی ایل این جی کی درآمد پرکام کا آغازکردیا گیا ہے ، گیس لوڈ مینجمنٹ پلان حتمی مراحل میں ہے، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ترجیح ہوگی ۔

حکام پٹرولیم ڈویژن نے بتایا ہے کہ ہرسال گیس کی طلب ورسدمیں فرق بڑھ رہاہے ، ہرسال گیس کی مقامی پیداوارساڑھے7 فیصد کم ہورہی ہے ۔ یاد رہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ موسم سرما میں صرف کھانا پکانے کے لیے گیس فراہم کی جائے گی ، کیونکہ شدید سردی میں قلت کا سامنا کرپڑسکتا ہے ، تاہم تمام تر کاوشوں کے باوجود موسم سرما میں صنعتی شعبے کو کچھ لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں