سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف شمیم نقوی عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے

عمران خان کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے پر کاروائی عمل میں لائی گئی‘پارٹی کے چیف آرگنائزرکے ذریعے وزیراعظم کا پیغام پہنچادیا.ذرائع کا دعوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 30 ستمبر 2020 14:51

سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف شمیم نقوی عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 ستمبر ۔2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے قائد حزب اختلاف کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا فردوس شمیم نقوی کے استعفے سے متعلق کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ اسی روز معذرت کرنے کے بعد دے دیا تھا. انہوں نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی کے استعفیٰ کے حوالے سے ابھی وزیر اعظم عمران خان نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ مجھے دیا ہے.

(جاری ہے)

فردوس شمیم نقوی نے گیس کے بحران پر وزیرِ اعظم عمران خان سمیت وفاقی وزراءپر تنقید کی تھی جس پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف فردوس شمیم نقوی سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا تھا. فردوس شمیم نقوی کی جانب سے بعد میں معذرت کر لی گئی تھی مگر مرکزی قیادت کی جانب سے فردوس شمیم نقوی کو سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی گئی تھی.

دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب کیا گیا تھا اور پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کے ذریعے فردوس شمیم نقوی کو وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں. حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے چند روز قبل کراچی میں گیس بحران پر وفاقی وزرا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا‘کراچی میں گیس بحران پر انہوں نے نہ صرف پی ٹی آئی حکومت بلکہ وزیراعظم عمران خان پر بھی شدید تنقید کی تھی.

بعد ازاں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام کے ذریعے سخت الفاظ استعمال کرنے پر معافی بھی مانگی تھی تاہم آج ان سے استعفیٰ طلب کر لیا گیا‘فردوس شمیم نقوی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سندھ اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا‘ فردوس شمیم نقوی نے اپنی ہی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سمیت سب کو شرم دلائیں گے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں